”جاﺅ تم آزاد ہو!“ پی سی بی نے فرنچائزز کو کھلی چھٹی دیدی مگر کس کام کیلئے اور کیوں؟ جان کر آپ کو بھی حیرت ہو گی

”جاﺅ تم آزاد ہو!“ پی سی بی نے فرنچائزز کو کھلی چھٹی دیدی مگر کس کام کیلئے اور ...
”جاﺅ تم آزاد ہو!“ پی سی بی نے فرنچائزز کو کھلی چھٹی دیدی مگر کس کام کیلئے اور کیوں؟ جان کر آپ کو بھی حیرت ہو گی

  



کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی افتتاحی تقریب میں تمام کھلاڑیوں کی شرکت لازمی نہیں ہو گی اور مصروف شیڈول و سفری معاملات کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کھلاڑیوں کی شرکت کے حوالے سے فیصلے کا اختیار فرنچائزز کو دیدیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 5 کی افتتاحی تقریب 20 فروری کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہو گی جس کے بعد ایونٹ کا پہلا میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائیگا، ماضی میں افتتاحی تقریب کے وقت ٹیمیں باری باری اپنا پرچم تھامے گراؤنڈ میں داخل ہوتیں اور شائقین کی تالیوں کا جواب دیتے ہوئے سٹیج پر چلی جاتیں، البتہ اس بار تمام سائیڈز شاید تقریب میں شرکت نہ کر سکیں جس کی وجہ مصروف شیڈول ہے۔

جمعرات کو کراچی میں تقریب کے اگلے روز لاہور میں قلندرز اور ملتان سلطانزکا میچ ہوگا،ہفتے کواسی وینیو پر اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم ملتان کے مدمقابل ہوگی،ذرائع کے مطابق بعض فرنچائزز نے اعتراض اٹھایا کہ ان کیلئے میچ سے ایک دن قبل سفر کرنا ممکن نہیں ہوگا، اس لئے کھلاڑیوں کو افتتاحی تقریب میں شرکت کا پابند نہ کیا جائے۔

اس معاملے پر پی سی بی نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ ٹیم مالکان کے ساتھ صرف کپتان آ جائیں تاہم ملتان سلطانز کے نمائندے اس سے متفق نہیں ہوئے، ان کے مطابق میچ سے ایک دن قبل کپتان کا لاہور میں ہونا ضروری ہے تاکہ پریکٹس کے ساتھ حکمت عملی پر بھی بات ہو سکے، بورڈ نے یہ بات تسلیم کر لی اور اب جو ٹیمیں اپنے کھلاڑیوں کو افتتاحی تقریب میں نہ بھیجنا چاہیں تو انہیں اس کی اجازت ہوگی۔

مزید : کھیل