95 سال قبل برمودا ٹرائی اینگل میں گم ہونے والے بحری جہاز کا معمہ بالآخر حل ہوگیا
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) 1925ءمیں ’ایس ایس کوٹوپیکسی‘ نامی بحری جہاز برمودا ٹرائی اینگل میں غرق ہو گیا تھا۔ اب ایک ڈاکومنٹری میں اس بحری جہاز کا معمہ حل ہو گیا ہے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق 95سال قبل یہ کارگو بحری جہاز 29نومبر 1925ءکو کوئلہ لے کر ساﺅتھ کیرولینا سے کیوبا کے لیے روانہ ہوا۔ یکم دسمبر کو اس کے ریڈیو آپریٹر نے بتایا کہ جہاز پانی میں ڈوب رہا ہے۔ یہ آخری فقرہ تھا جو اس جہاز کے ریڈیو سے سنا گیا۔اس کے بعد اس کے بارے میں آج تک کچھ معلوم نہیں ہو سکا۔ تاہم اب ایک سائنس چینل ڈاکومنٹری میں اس کا ملبہ تلاش کر لیا گیا ہے۔
’شپ ریک سیکرٹس‘ (Shipwreck Secrets)کے نام سے بنائی گئی اس ڈاکومنٹری میں اس جہاز کا ملبہ دکھاتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ یہ فلوریڈا کے شہر سینٹ آگسٹین کا ساحل ہے۔ یہی وہ جگہ تھی جہاں کوٹاپیکسی ڈوبا تھا۔ سینٹ آگسٹین کا یہ ساحلی علاقہ بھی برمودا ٹرائی اینگل ہی کا حصہ ہے۔ میرین بائیولوجسٹ مائیکل برنیٹ نے کئی غوطے لگائے اور اس جہاز کے ملبے تک پہنچا۔ اس نے اس مشن میں ایک انڈر واٹر ڈرون بھی استعمال کیا۔ ڈرون کے ذریعے اس نے جہاز کے ملبے سے وہ ٹکڑا بھی تلاش کر لیا جس پر جہاز کا نام ’کوٹوپیکسی‘ لکھا ہوا تھا۔