ایم سی سی کیخلاف میچز کیلئے پاکستان شاہین اور ناردرن ٹیم کی قیادت کون کریں گے؟ پی سی بی نے اعلان کر دیا

ایم سی سی کیخلاف میچز کیلئے پاکستان شاہین اور ناردرن ٹیم کی قیادت کون کریں ...
ایم سی سی کیخلاف میچز کیلئے پاکستان شاہین اور ناردرن ٹیم کی قیادت کون کریں گے؟ پی سی بی نے اعلان کر دیا

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے میریلیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) ٹیم کیخلاف ون ڈے میچز کیلئے 24 سالہ سعود شکیل کو پاکستان شاہین جبکہ روحیل نذیر کو ناردرن کی ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایم سی سی کی ٹیم کمار سنگاکارا کی قیادت میں اگلے مہینے لاہور پہنچے گی اور 13 سے 19 فروری کے درمیان میچز کھیلے گی۔ ایم سی سی پاکستان شاہین کیخلاف پچاس اوورز پر مشتمل میچ کھیلے گی جس کی قیادت سعود شکیل کریں گے جبکہ دوسرا میچ ناردرن کی ٹیم کیخلاف ہو گا جس کی قیادت روحیل نذیر کریں گے۔

سعودی شکیل نے حال ہی میں عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے ایمرجنگ ایشیاءکپ میں انڈر 23 ٹیم کو کامیابی دلائی جبکہ روحیل نذیر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) انڈر 19 ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔

پاکستان شاہینز کی قیادت سعود شکیل کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عاکف جاوید، حیدر علی، حسن محسن، عمران رفیق، محمد محسن، عمر بن یوسف، روحیل نذیر، سیف بدر، ثمین گل، عمر خان اور ذیشان ملک شامل ہیں۔

ناردرن ٹیم کی قیادت روحیل نذیر کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فیضان ریاض، علی عمران، حیدر علی، مبشر خان، موسیٰ خان، نعمان علی، سرمد بھٹی، شہزاد اعظم، شیراز خان، زید عالم اور ذیشان ملک شامل ہیں۔

مزید : کھیل