”ٹیسٹ سیریز سے انکار کی کوئی وجہ نہیں، ہم پاکستان جا رہے ہیں“ بنگلہ دیشی بورڈ کے صدر کی آنکھیں بالآخر کھل گئیں
ڈھاکہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے صدر نظم الحسن نے پاکستان میں بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کو فراہم کی گئی سیکیورٹی پر اطمینان کا اظہار کر دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ ٹی 20 سیریز کے دوران ٹیم کو فراہم کی گئی شاندار سیکیورٹی پر مطمئن ہیں اور ٹیسٹ سیریز کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈھاکہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نظم الحسن نے دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کیلئے بنگلہ دیشی ٹیم کے دورہ پاکستان کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ٹی 20 سیریز سے پہلے ہمیں پاکستان میں ملنے والی سیکیورٹی پر قائل نہیں تھے لہٰذا ہم نے کہا تھا کہ ہم مختصر فارمیٹ کی سیریز کے بعد ہی ٹیسٹ سیریز سے متعلق فیصلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ٹی 20 سیریز میں ہمیں جس طرح کی سیکیورٹی فراہم کی گئی اس سے بہتر کا تقاضہ ناممکن ہے، ہم سیکیورٹی انتظامات سے بہت مطمئن ہیں کیونکہ کسی بھی کھلاڑی یا کوچنگ عملے کی جانب سے کوئی شکایت نہیں مل، اس لئے ٹیسٹ سیریز سے انکار کی کوئی وجہ نہیں، ہم پاکستان جا رہے ہیں۔
نظم الحسن نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ ٹیسٹ سیریز میں بنگلہ دیش کے مایہ ناز آل راﺅنڈر شکیب الحسن کی کمی محسوس ہو گی جو بکی کی پیشکش سے متعلق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اینٹی کرپشن یونٹ کو آگاہ نہ کرنے کے جرم میں پابندی کی سزا کاٹ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا ”بھارت کیخلاف سیریز میں شکیب ٹیم کا حصہ نہیں تھے جبکہ تمیم اقبال بھی دستیاب نہ تھے اور اب ہمارے پاس مشفیق الرحیم بھی نہیں ہیں جو ٹیسٹ کرکٹ میں ہمارے نمبرون بلے باز ہیں، ہمیں چوتھی پوزیشن پر نئے بلے باز کا امتحان لینا ہے تاہم مشفیق الرحیم زمبابوے کیخلاف سیریز کیلئے دستیاب ہوں گے جس کا مطلب ہے کہ ہم دو ٹیسٹ میچوں میں نئے بلے بازوں کو آزما رہے ہیں۔