الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ووٹرزکے نام اہم پیغام جاری کردیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ووٹرز کے نام ایک اہم پیغام میں کہا ہے کہ وہ ابتدائی انتخابی فہرست میں درج اپنے ووٹ کے کوائف کی تصدیق اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300 پر ایس ایم ایس کرکے حاصل کرسکتے ہیں،ڈسپلے سنٹرز میں فارم جمع کروانے کی آخری تاریخ 15 فروری 2020 ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ 8300 شارٹ میسیج سروس کے ذریعہ جوابی پیغام میں انہیں شماریاتی بلاک کوڈ, سلسلہ نمبر, انتخابی علاقہ, ڈسپلے سنٹر, ہیلپ لائن نمبر اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کا ویب سائیٹ لنک بھیجا جائے گا تاکہ ووٹرز تسلی کرلیں کہ انکا ووٹ درست انتخابی علاقہ / شماریاتی بلاک میں درج ہے. ووٹرز اپنے اور اہل خانہ کے ووٹ اندراج کے کوائف اور انتخابی فہرستوں کا معائنہ کرنے کےلئے ڈسپلے سنٹر بھی تشریف لا سکتے ہیں. ڈسپلے سینٹرز پر فارم 15 برائے اندراج و منتقلی ووٹ, فارم 16 اعتراض / حذف ووٹ اور فارم 17 برائے کوائف درستگی جمع کراسکتے ہیں ڈسپلے سنٹر پر فہرست برائے حذف ووٹ بوجہ فوتگی کا معائنہ بھی کیا جاسکتا ہے جو ایسے ووٹرز کے کوائف پر مشتمل ہے جن کی فوتگی یونین کونسلز میں درج ہے ایس ایم ایس سے حاصل کیے گئے ویب سائیٹ لنک سے تمام فارم ڈاؤن لوڈ کیے جاسکتے ہیں.
ہیلپ لائن اور ہر ضلع میں قائم دفتر ضلعی الیکشن کمشنر / رجسٹریشن افسر سے مزید معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں واضح رہے کہ الیکشنز ایکٹ 2017 کے سیکشن 27 کے مطابق ووٹ کو درج یا منتقل صرف شناختی کارڈ کے مستقل یا موجودہ پتہ پر کروایا جاسکتا ہے. سرکاری ملازمین اور ان کے اہل خانہ (بیوی /شوہر اور بچے) شناختی کارڈ پر درج مستقل یا موجودہ پتہ کے علاوہ ملازمت کی وجہ سے اختیار کی گئی رہائش کے انتخابی علاقہ میں بھی ووٹ کا اندراج کراسکتے ہیں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ابتدائی انتخابی فہرستوں کے معائنہ کے لیے ملک بھر میں 24000 ڈسپلے سنٹرز قائم کیے ہیں. ڈسپلے سنٹرز میں فارم جمع کروانے کی آخری تاریخ 15 فروری 2020 ہے۔