وزیر اعظم سے عاطف خان اور شہرام ترکئی کی ملاقات
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیراعظم عمران خان سے ارکان کے پی کے اسمبلی عاطف خان اور شہرام ترکئی نے ملاقات کی اور صوبے کی سیاسی صورتحال پر اپنی پوزیشن واضح کی ہے ۔
نجی نیوز چینل ہم نیوز کے مطابق وزیر اعظم نے گروپ بندی کا تاثر دینے پر دونوں اراکین سے اظہار ناراضگی کرتے ہوئے کہا کہ گروپ بندی کے تاثر سے پارٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے اور پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کروں گا،واضح کر دوں کبھی دباو لیا ہے اور نہ لوں گا۔ عاطف خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں کوئی فارورڈ بلاک بنانے کی کوشش نہیں کی اور نہ ہی محمود خان کے خلاف کسی لابی کا حصہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارٹی ڈسپلن کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی اور وزیر اعلیٰ کے پی کو پارٹی ڈسپلن کے تحت ہی اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تھا۔