”شکر ہے تم آ گئے حارث!“ میلبورن سٹارز کو اہم ٹاکرے سے پہلے ایسا زوردار جھٹکا لگ گیا کہ سب حارث رﺅف کی طرف دیکھنے لگے
سڈنی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کے رواں سیزن کا لیگ مرحلہ اختتام پذیر ہو چکا ہے اور اب ’فائیو ٹیم فائنلز سیریز‘ کا مرحلہ شروع ہونے کو ہے جس کا پہلا میچ میلبورن سٹارز اور سڈنی سکسرز کے درمیان ہو گا۔
اس میچ میں میلبورن سٹارز کامیابی حاصل کرنے کی صورت میں 8 فروری کو شیڈول فائنل میں پہنچ جائے گی لیکن اگر شکست کا سامنا کرنا پڑا تو بھی اسے فائنل میں پہنچنے کیلئے ایک اور موقع ملے گا۔ اس لئے میلبورن سٹارز کیلئے یہ دونوں میچز ہی انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور تمام تر نگاہیں پاکستانی فاسٹ باﺅلر حارث رﺅف پر مرکوز ہیں۔
میلبورن سٹارز کے کوچ ڈیوڈ ہسی نے انکشاف کیا ہے کہ لیگ سپنر سندیپ لامی چانے قومی فرائض کی انجام دہی کیلئے نیپال واپس جا چکے ہیں جو اومان اور امریکہ کیخلاف ٹرائی سیریز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کریں گے اس لئے اب تمام نگاہیں پاکستانی فاسٹ باﺅلر حارث رﺅف پر ہیں اور ہم پرامید ہیں کہ وہ کوالیفائنگ فائنل میچ کیلئے دستیاب بھی ہوں گے۔
حارث رﺅف کو بی بی ایل میں عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر بنگلہ دیش کیخلاف ٹی 20 سیریز کیلئے قومی سکواڈ میں شامل کیا گیا تھا جنہوں نے پہلے میچ میں 32 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی جبکہ دوسرے میچ میں 27 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا اور دونوں میچوں میں پاکستانی ٹیم نے کامیابی حاصل کی جس کے بعد وہ بی بی ایل میں میلبورن سٹارز کیلئے اہم میچز کھیلنے آسٹریلیا پہنچ چکے ہیں۔
میلبورن سٹارز کیلئے پریشانی کی بات یہ ہے کہ حارث رﺅف کو بنگلہ دیش کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے قومی سکواڈ میں شامل کئے جانے کا امکان ہے جس کا پہلا ٹیسٹ میچ 7 فروری کو کھیلا جائے گا اور میلبورن سٹارز کے کوچ ڈیوڈ ہسی کو لگتا ہے کہ حارث رﺅف کو قومی ٹیسٹ سکواڈ میں بھی منتخب کر لیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ حارث رﺅف کی ٹیسٹ سکواڈ میں سلیکشن ہوئی تو نہیں لیکن انہیں منتخب کیا جا سکتا ہے ۔ یہ بڑی اچھی بات ہے کہ انہوں نے میلبورن سٹارز سے بی بی ایل کیرئیر کا آغاز کیا اور اب اپنی قومی ٹیم کی نمائندگی کر رہے ہیں، وہ بہت ہی زبردست انسان ہے اور میں امید کر رہا ہوں کہ وہ کوالیفائر میچوں کیلئے ہمیں دستیاب ہوں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حارث رﺅف کچھ بھی کر لے، میرے خیال سے وہ پاکستان کیلئے 100 ٹیسٹ، 400 ٹی 20 اور 150 ون ڈے میچز کھیلے گا۔ وہ ہمارے گروپ میں بھی ایک الگ تحریک لایا ہے، اس نے ہم میچ میں زبردست محنت کی اور کمال کی فیلڈنگ کرتا نظر آیا، وہ ہمارے گروپ میں عمدہ طریقے سے فٹ ہو گیا ہے۔