وزیراعظم کی عوام کومشکلات سے بچانے کے لئے گندم کی قلت دورکرنے کی ہدایت
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ گندم بنیادی ضرورت ہے،ایسے اقدامات کئے جائیں کہ عوام کو کسی قسم کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے،ملکی ضرورت کے مطابق گندم کی فراہمی کیلئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں،ملک میں گندم یاآٹے کی کمی کی شکایت نہ ہو، فوری فراہمی کویقینی بنایا جائے ، ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کی روک تھام پر بھی توجہ دی جائے۔
پی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت گندم اور آٹا بحران کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں گندم کی صورتحال،ملکی ضروریات اور موجودہ سٹاک سے متعلق گفتگو کی گئی اور مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے آئندہ کے لائحہ عمل پر بات کی گئی۔ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو گندم اور آٹا کی حالیہ صورتحال اور بحران کی وجوہات پر بریفنگ دی گئی کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی گندم کی درآمد کی اجازت دے چکی ہے،گندم کی درآمد پر کوئی ٹیکس نہیں ہوگا۔اس موقع پروزیراعظم عمران خان نےکہاکہ گندم بنیادی ضرورت ہے،عوام کوکسی قسم کی قلت کاسامنانہ کرناپڑے،ملکی ضرورت کےمطابق گندم کی فراہمی کیلئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں، ملک میں گندم یا آٹے کی کمی کی شکایت نہ ہو، فوری فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کی روک تھام پر بھی توجہ دی جائے۔