حکومت کھیل کو دکے مواقع فراہم کرنے پر تیزی سے کام کررہی ہے: ریاض خان
پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے مواصلات و تعمیرات ریاض خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو کھیل کود کے مواقع فراہم کر نے پر تیزی سے کام کررہی ہے اور تحصیل گدیزئی ضلع بونیر میں کھیلوں کے میدان کی اراضی کی نشاندھی کی جا رہی ہے جس پر جلد تعمیراتی کام شروع ہوجاء یگا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ضلع بونیر میں مزید کھیلوں کے میدان بھی تعمیر کیے جائینگے جبکہ گدیزئی پلے گراونڈ 20سے 40 کنال اراضی پر مشتمل ہے۔ ریاض خان نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت وزیر اعلیٰ محمود خان کی قیادت میں نوجوانوں پر سرمایہ کاری کر رہی ہے جو ملک کا سب سے عظیم اور اہم اثاثہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گدیزئی میں پلے گراونڈ بنانے سے علاقے کے نوجوانوں کی صلاحتیں ابھریں گی جو ملک کی ترقی اور نام روشن کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے صوبے کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے لیکن انہیں مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نوجوانوں کو کھیلوں کے برابر مواقع مہیا کررہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان خود کھلاڑی رہ چکے ہیں اس لیے کھیلوں کی اہمیت کو جانتے ہیں اور کھیلوں کے فروغ پر زور دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں ایک ہزار گراونڈ کی تعمیر پر بھی کام تیزی سے جاری ہے جس سے نوجوانوں کو کھیلوں کے بے پناہ مواقع میسر آجائیں گے۔