مہنگے داموں دودھ کی فروخت پر 13 شیر فروش گرفتار 

مہنگے داموں دودھ کی فروخت پر 13 شیر فروش گرفتار 

  

پشاور(سٹی رپورٹر) محکمہ خوراک نے مہنگے داموں دودھ فروخت کرنے پر 13 شیر فروشوں کو گرفتار کرلیا۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان‘ سیکرٹری محکمہ خوراک خوشحال خان اور ڈائریکٹر محمد زبیر کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ نے گلبرگ‘ نوتھیہ اور خیبر سپر مارکیٹ میں دودھ فروشوں کی دکانوں میں نرخوں بارے آگاہی حاصل کی۔ سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنے پر 13 شیر فروشوں کو گرفتار کرکے متعلقہ تھانوں میں مراسلے جمع کردیئے۔ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے کہا کہ صوبائی حکومت اور محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام کے ہدایات کی روشنی میں دودھ میں ملاوٹ اور گرانفروشی کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ گرانفروشی کسی صورت قبول نہیں کریں گے جبکہ اس میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ دودھ فروش سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں بصورت دیگر ان کے دکانوں کو سیل کیا جائیگا۔ 

مزید :

پشاورصفحہ آخر -