ویڈلاک پالیسی پر عملدرآمد نہ کرنے کیخلاف اپیل، چیف سیکرٹری سے جواب طلب
لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس شاہد وحید نے ویڈلاک پالیسی کے تحت سرکاری ملازمین میاں بیوی کا ایک علاقہ میں تبادلہ نہ کرنے کیخلاف دائر درخواست پر چیف سیکرٹری جواد رفیق ملک اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری ارم بخاری کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔فاضل جج نے ایلمنٹری سکول ٹیچر شگفتہ انجم کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ وہ اور اس کا خاوند سرکاری ملازم ہیں، ویڈلاک پالیسی کے تحت دونوں کاایک علاقہ میں تبادلہ نہیں کیا جارہا۔
ویڈلاک پالیسی کے تحت ایک جگہ تبادلہ کیلئے افسران اور چیف سیکرٹری کو درخواست دی۔ داد رسی نہ ہونے پر ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔ اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو آگاہ کیاتھاکہ معاملے کاچیف سیکرٹری کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کی کمیٹی میں جائزہ لیاجائیگا۔عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے چیف سیکرٹری کو 30 روز میں فیصلے کا حکم دیا۔