حکومتی وفد کی مولانا حامد الحق سے ملاقات، گلے شکوے دور، معاملات طے کرنے کیلئے مشاورتی کمیٹیاں بھی قائم

  حکومتی وفد کی مولانا حامد الحق سے ملاقات، گلے شکوے دور، معاملات طے کرنے ...

  

  نوشہرہ (آن لائن) وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے نوشہرہ کے ضمنی الیکشن میں تاریخی کامیابی حاصل کریں گے،پی ڈی ایم اپنی چوری چھپانے کیلئے سڑکوں پر نکلی ہے،ان کا کوئی مستقبل نہیں،عدم اعتماد کا شوق پورا کریں ان کو منہ کی کھانا پڑے گی، جبکہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا جمعیت علماء اسلام(س) کو ساتھ لیکر چلنا حکومت اور عمران خان کی خواہش ہے،اپوزیشن قانون سازی میں اپنا کردار ادا کر ے حکومت کو خوش آمدید کہیں گے۔ان خیالات کا اظہار دونوں رہنماؤں نے دارلعلوم اکوڑہ خٹک نوشہرہ کے دورہ کے موقع پر سربراہ جمعیت علماء اسلام (س) مولانا حامد الحق کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔پرویز خٹک نے کہا پی ڈی ایم کی تحریک ان کے اپنے مفاد کیلئے ہیں عوام کیلئے نہیں،پی ڈی ایم کا ٹولہ اپنی چوریاں چھپانے کیلئے نکلے ہیں عنقریب ہی اس کا نتیجہ آنیوالا ہے۔تحریک عدم اعتماد میں ہم ان کو انشاء اللہ تاریخی شکست دیں گے۔ جمعیت علماء اسلام(س) سے ہمارا سیاسی تعلق تھا اور رہے گا درمیان میں کچھ خلش آگئی اسے دور کرنے ہی یہاں آئے جو ہو گئی۔ مولانا حامد الحق سے ملاقات کی ایک کمیٹی قائم کرینگے جس سے ہمارے رابطے بحا ل ہوں۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا سینٹ الیکشن وقت اور قانون کے مطابق ہونگے،حکومت سینٹ الیکشن سے خوف زدہ نہیں، ووٹ پولنگ کے طریقہ کار پر ابہام دور کرنے کیلئے سپریم کورٹ گئی۔ جمعیت علماء اسلام(س) کو ساتھ لیکر چلنا حکومت اور عمران خان کی خواہش ہے۔اس موقع پر مولا نا حامدا لحق نے کہا والد صاحب کی شہادت کے بعد ہمیں حکومت سے تھوڑی بہت ناراضگی تھی ہم سمجھتے تھے حکومتی وزرا ء مولانا کی شہادت کو سپورٹ نہیں کر رہے اور کچھ ہمارے ساتھیوں کی بھی تلخیاں تھیں کیونکہ ان کی سیٹیں اور حلقے چلے گئے تھے اس وجہ سے وہ بھی حکومت سے متنفر تھے۔ میرے والد وزیراعظم عمران خان کا بہت احترام اوربہت قدر کرتے تھے ان کو عمران خان سے بہت ساری امیدایں وابستہ تھیں امید تو ہمیں اب بھی ہے مگر جب تک عملی اقدامات نہیں ہو نگے کچھ بھی نہیں کہا جا سکتا۔اب حکومت کیساتھ ہمارا تسلسل کیساتھ رابطہ برقرار رہے گا حکومتی رہنماؤں نے کمیٹی بنا دی ہے انشاااللہ تمام معاملا ت حل ہو جائیں گے۔ قبل ازیں حکمران جماعت کی اعلیٰ سطحی وفد جس میں وزیردفاع پرویز خٹک،سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر،وزیرمملکت علی محمد خان نے اکوڑہ خٹک میں جمعیت علما اسلام کے سربراہ اوردفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا حامد الحق حقانی سے انکی رہائش گاہ یہ پر ایک گھنٹہ تفصیلی ملاقات کی۔

حامد الحق ملاقات

مزید :

صفحہ آخر -