اسٹاک ایکسچینج میں شیلف رجسٹرڈ انسٹرومنٹ کا اجراء
کراچی(اکنامک رپورٹر پاکستان کی ڈیبٹ مارکیٹ میں حوصلہ افزاء پیش رفت کے ساتھ ایک جدت انگیز نیا ڈیبٹ انسٹرومنٹ جاری کیا گیا ہے اور بینک الفلاح (بی اے ایف ایل) کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں اسکی لسٹنگ کردی گئی ہے۔ بینک الفلاح نے شیلف رجسٹریشن پروگرام کے ذریعے 11 ہزار ملین روپے کی (ٹرانچ سیریز اے) کے ٹرم فنانس سرٹیفکیٹس کی شکل میں میڈیم ٹرم نوٹ جاری کردیا ہے اور 28 جنوری 2021 کو اسٹاک ایکسچینج میں اس کی لسٹنگ کردی گئی ہے۔ یہ باضابطہ تقریب (گونگ تقریب) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں انسٹرومنٹ کی لسٹنگ منانے کے موقع پر منعقد ہوئی۔ اس تقریب کا افتتاح بینک الفلاح کے سی ای او عاطف باجوہ نے پی ایس ایکس کے دیگر ممبران، پی ایس ایکس کے ایم ڈی اور سی ای او فرخ ایچ خان، پی ایس ایکس کی سینئر انتظامیہ، ایس ای سی پی اور بینک الفلاح کے اعلیٰ حکام کی موجودگی میں کیا۔ اس موقع پر تقریب میں عارف حبیب لمیٹڈ اینڈ الفلاح سی ایل ایس اے سیکورٹیز، جوائنٹ منیجرز اور ارینجرز ٹو دی ایشو کی سینئر انتظامیہ اور نمائندے موجود تھے۔ افتتاحی کلمات میں پی ایس ایکس کے ایم ڈی اور سی ای او نے کہا، "پاکستان کی ڈیبٹ مارکیٹ کے لئے بلاشبہ یہ ایک انتہائی خوش آئند اور مثبت پیش رفت ہے کہ بینک الفلاح نے ایکسچینج میں اپنی 11 ارب روپے کی ٹرانچ سیریز اے ٹی ایف سیز جاری اور لسٹڈ کرادی ہے۔ بینک الفلاح نے ہمیشہ جدت کو پیش نظر رکھا ہے جہاں سے پہلی بار 50 ارب روپے کی ٹی ایف سیز کے برخلاف شیلف پراسپیکٹس کی منظوری کی گئی ہے۔ بینک الفلاح بروکریج اور ایسٹ مینجمنٹ انڈسٹریز میں فعال ہے اور وہ حال ہی میں ڈیبٹ سیکورٹیز کا پہلا فرسٹ مارکیٹ میکر بھی بن گیا ہے۔ مجھے انتہائی خوشی ہے کہ وہ اس جدت انگیز ڈیبٹ انسٹرومنٹ کے ذریعے پی ایس ایکس میں ایک بار پھر اپنی جگہ بنا رہے ہیں جس سے پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ کے ڈیبٹ سیکٹر میں مزید وسعت لانے کے ساتھ اسے فعال بنانے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر بینک الفلاح کے سی ای او عاطف باجوہ نے کہا، "پاکستان کی کیپٹل مارکیٹس کو فروغ دینے کے لئے ایس ای سی پی اور پی ایس ایکس کی جانب سے مسلسل کاوشوں کو فروغ دینے پر بینک الفلاح مبارک باد پیش کرتا ہے۔ ہماری ڈیبٹ کیپٹل مارکیٹس بدستور ابتدائی مرحلے میں ہے اور ہم بہترین عالمی طریقوں پر عمل پیرا ہوکر مارکیٹ کی ترقی کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔ اسی سوچ کو آگے بڑھانے کے ساتھ ہم بینک الفلاح کی طرف سے اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ موثر اور پہلے سے زیادہ ترقی یافتہ ڈیبٹ مارکیٹ سے کارپوریٹ اور سرمایہ کاروں کے لئے فنڈنگ اور سرمایہ کاری کے لئے مزید مواقع کھلیں گے۔ "