کراچی:گوئٹے انسٹی ٹیوٹ میں پرنسپلز کانفرنس کا انعقاد
کراچی (اسٹاف رپورٹر) گوئٹے انسٹی ٹیوٹ نے پہلی ورچوئل پاش پرنسپلز کانفرنس ساؤتھ ایشیاء نارتھ 2021 کانفرنس کا انعقاد کیا۔ اس کانفرنس کا موضوع تدریس سے متعلق جرمن طریقوں کو اجاگر کرنا تھا۔ اس تین روزہ کانفرنس کا آغاز 22 جنوری کو ہوا۔ اس کانفرنس کا مقصد یہ تھا کہ ناردرن ساؤتھ ایشین ریجن میں پاش سے وابستہ اسکولوں (PASCH Schools)کے پرنسپلز کو اکھٹا کیا جائے، جنہیں گوئٹے انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے تعاون فراہم کیا جاتا ہے۔ پاش (PASCH) کا بنیادی مطلب یہ ہے کہ اسکولز، مستقبل کے لئے شراکت (Schools: Partners for the Future)ہیں۔ اس اقدام کے لئے گوئٹے انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے پاکستان کے بعض بڑے شہروں میں صف اول کے اسکولوں سے اشتراک کیا گیا ہے۔ اس پہلی ورچوئل کانفرنس میں پاش سے وابستہ کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور راولپنڈی کے اسکول پرنسپلز نے شرکت کی۔ اس تین روزہ کانفرنس کے دوران پاش اقدام (PASCH initiative) اور اسکے اہداف پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور 400جنوبی ایشیاء کے اسکول پرنسپلز کے ساتھ مل کر طالب علموں سے متعلق پہلوؤں کو گفتگو کی گئی۔