2020، پاکستان میں کرپشن بڑھ گئی،ٹرانسپرنسی انٹر نیشنل، رپورٹ عمران حکومت کی کرپشن کا عالمی ثبوت، پی پی، (ن) لیگ لڈیا ں نہ ڈالیں، رپورٹ میں 3سال پرانا ڈیٹا ہے: شہبازگل
اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان میں گزشتہ سال کی نسبت بدعنوانی میں اضافہ ہو گیا ہے،پاکستان میں 2020 میں کرپشن بڑھی ہے، پاکستان 120 سے 124 ویں نمبر پر آ گیا، حکومت کو مقننہ، انتظامیہ اور پولیس کے شعبوں میں کارکردگی بہتر بنانا ہوگی، کرپشن سے پاک ممالک میں دنیا بھر میں ڈنمارک اور نیوزی لینڈ سر فہرست رہے، شام، صومالیہ اور جنوبی سوڈان سب سے نیچے رہے۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے کرپشن سے متعلق عالمی رینکنگ جا ری کردی جس میں 180 ممالک کی فہرست میں پاکستان کا 124واں نمبر آیا ہے۔ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل رپورٹ کے مطابق کرپشن رینکنگ میں پاکستان کی گزشتہ سال کے مقابلے میں 4 درجے تنزلی ہوئی، 2019 میں کرپشن سے متعلق اس فہرست میں پاکستان کا رینک 120 تھا۔ گزشتہ سال کرپشن کے خلاف پاکستان کا اسکور ریٹ 31 رہا جب کہ بھارت کرپشن کے خلاف 40 اسکور کے ساتھ 86 نمبر پر رہا۔ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل رپورٹ میں صومالیہ اور جنوبی سوڈان کرپٹ ترین ملک قرار دیے گئے ہیں نیوزی لینڈ اور ڈینمارک کرپشن کے خلاف 88 سکور کیساتھ پہلے نمبر رہا۔ کینڈا اور برطانیہ 77 پوائنٹس سکور کے ساتھ 11ویں، امریکہ 67 پوائنٹس کے ساتھ 25ویں نمبر پر رہا۔ سنگاپورکا اسکور 85، برطانیہ کا 77،یو اے ای کا 71 رہا۔ چیئرمین ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان چیپٹرسہیل مظفر کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو برس میں نیب نے کرپشن کے365ارب روپے برآمد کرنے کا دعوی کیا لیکن اس کے باوجود پاکستان کا رینک 124 ہوا۔
ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل
لاہور،کراچی(آئی این پی) مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کو عمران خان حکومت کی کرپشن کا عالمی ثبوت قرار د یتے ہوئے کہا ہے کہ ہر محاذ پر ناکام سلیکٹڈ حکومت نے صرف کرپشن، کمیشن اور چوری میں ترقی کی، عمران صاحب مبارک ہوٹرانسپرنسی انٹر نیشنل کی رپورٹ عمران صاحب کے جھوٹے بیانیہ اور الزامات کے منہ پر طمانچہ ہے، دوسروں کو چور چور کہنے والے فرشتوں کے دور میں ملک کرپٹ ترین ہو گیا، شرم آنی چاہئے۔ اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا اگر ہو تو ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے عمران صاحب کی 400 ارب کی چینی، 215ارب کے آٹا چوری پر مہر تصدیق ثبت کی ہے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے عمران صاحب کی 500 ارب کی دوائی اور 122 ارب کی ایل این جی چوری پر مہر تصدیق ثبت کی ہے یہ ہے وہ کرپشن جس کی سزا اڑھائی سال سے پاکستان کی عوام کاٹ رہی ہے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ 90دن میں کرپشن ختم کرنے کا جھوٹ بولنے والوں کے لئے آئینہ ہے۔دوسری طرف ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ ہی پی ٹی آئی کا اصل چہرہ ہے، پیپلزپارٹی ہمیشہ سے کہتی ہے یہ حکومت کرپٹ ترین ہے، ماضی میں عمران خان خود ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی مثالیں دیا کرتے تھے۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن میں اضافہ اپوزیشن نہیں بلکہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی مصدقہ رپورٹ ہے، سلیکٹیڈ حکومت نے دیانتداری کا صرف لبادہ اوڑھ رکھا ہے۔دوسری طرف وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ انگلش میں ہے، سو پٹواری آج خوب لڈیاں ڈالیں گے، ان کو کل سمجھ آئے گی کہ یہ رپورٹ ہمارے زمانے کے ڈیٹا پر مرتب ہوئی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹر پر پانے بیان میں معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ پی ڈی ایم اور اس کے حواری ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی 2019کی رپورٹ کے پیچھے اپنے گندے گناہ چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں، قوم کو یہ پتہ ہونا چاہئے کہ یہ ن، پی اور فضل کی کرپشن کا گند ہے، کیوں کہ رپورٹ کے لئے جو ڈیٹا استعمال ہوا وہ 2017، 2018اور 2019میں پبلش ہوا۔
شہباز گل