کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ کل پاکستان پہنچے گی، مزید 64افراد جاں بحق 

  کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ کل پاکستان پہنچے گی، مزید 64افراد جاں بحق 

  

 اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ(کل) ہفتے کو پاکستان پہنچے گی،ویکسین لانے کیلئے پی آئی اے کا خصوصی طیارہ (آج)جمعہ کو بیجنگ روانہ ہوگا۔وزارت خارجہ کے مطابق عالمی وبا سے بچا ؤکے لئے ویکسین کی پہلی کھیپ ہفتے کو پاکستان پہنچ جائیگی۔ نیشنل ہیلتھ سروسز اور چینی سفارتخانے نے پی آئی اے کو گرین سگنل دے دیا۔انسداد کورونا ویکسین لانے کیلئے پی آئی اے مفت خدمات فراہم کرے گی۔ قومی ایئر لائن کا خصوصی طیارہ چین سے انسداد کورونا ویکسین کی 5لاکھ ڈوزز لائے گا۔ بیجنگ سے ویکسین خصوصی کنٹینر میں رکھ کر اسلام آباد لائی جائے گی۔معاون خصوصی فیصل سلطان نے کہا ہے کہ ہم ویکسین کی تقسیم اور ترسیل کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں اور اس مشن میں متحد ہیں۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہاکہ میں نے صوبائی صحت حکام اور فیڈرل یونٹس سے بات کی، صحت حکام کے ساتھ اگلے ہفتے کورونا ویکسین ترسیل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دوسری جانب ملک میں  کورونا وائرس سے مزید64افراد جاں بحق ہو نے  کے بعد اموات کی تعداد 11ہزار 514ہوگئی، ملک بھر میں 1910نئے مریض رجسٹرڈہوئے ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 910نئے کیسز رپورٹ ہوئے، گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 40 ہزار 821نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 4لاکھ 94ہزار 578مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2ہزار 147مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

کورونا

مزید :

صفحہ اول -