” حکومت کو شرم آنی چاہیے اور۔۔۔“ای چالان کے خلاف درخواست پر لاہور ہائیکورٹ میں سماعت ، جسٹس شمس محمود مرزا شدید برہم
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے ای چالان سے کیخلاف درخواست پر سماعت کے دوران سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ حکومت کو شرم آنی چاہیے ، قانون کے بغیر ہی لوگوں سے رقم وصول کی جارہی ہے ۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے ای ٹکٹنگ چالان کیخلاف درخواست پر سماعت کی ، جس دوران سیف سٹی اتھارٹی سے ای چالان کرنے کا عدالتی حکم طلب کر لیا گیاہے ۔جسٹس شمس محمود مرزا نے استفسار کیا کہ کس قانون کے تحت ای چالان کیے جارہے ہیں ، سرکاری وکیل نے عدالت میں اعتراف کیا کہ ای چالان سے متعلق کوئی قانون موجود ہی نہیں ہے ، عدالت نے برہمی کا ااظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو شرم آنی چاہیے ، قانون موجود نہیں تو ای چالان کیسے کیے جارہے ہیں ؟ قانون کے بغیر ہی لوگوں سے رقم وصول کی جارہی ہے ۔
سرکاری وکیل نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عدالتی حکم کے مطابق پیسے وصول کیے جارہے ہیں ، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اسمبلی نے قانون پاس نہیں کیا تو کیسے وصولیاں ہو سکتی ہیں ؟ آئندہ سماعت پر عدالتی حکم دکھائیں جس کے تحت وصولی کر رہے ہیں .