پاکستان نے جنوبی افریقہ کو سات وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی

پاکستان نے جنوبی افریقہ کو سات وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ...
پاکستان نے جنوبی افریقہ کو سات وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی
سورس:   Twitter

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم نے پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ کو سات وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے نعمان علی نے ریکارڈ کارکردگی دیکھاتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کر کے اور فواد عالم نے سنچری بنا کر جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ 

تفصیلات کے مطابق نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی ٹیم نے جنوبی افریقہ کا 88 رنز کا ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کر کے سات وکٹوں سے فتح حاصل کی۔ پاکستان کی جانب سے عمران بٹ 12، عابد علی 10 اور کپتان بابراعظم 30 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے جبکہ اظہر علی نے 31 اور فواد عالم نے چار رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلیں۔ 

قبل ازیں پاکستانی باؤلرز نے جنوبی افریقہ کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کرتے ہوئے دوسری اننگز میں محض 245 رنز پر آؤٹ کر دیا اور یوں اسے جیت کیلئے 88 رنز کا آسان ہدف ملا تھا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ایڈن مارکرم 74 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ڈین ایلگر 29، ریسی وینڈرڈوسن 64، فاف ڈوپلیسی 10، کیشوو مہاراج دو، کوینٹن ڈی کوک دو، ٹیمبا باووما 40، جارج لینڈے 11، کاگیسو ربادا ایک اور لونگی نگیڈی تین رنز بنا سکے۔ 

پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے نعمان علی نے انتہائی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 25.3 اوورز میں 35 رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ یاسر شاہ نے چار اور حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 

واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور پہلی اننگز میں 220 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم نے پہلی اننگز میں فواد عالم کی 109 رنز کی عمدہ اننگز اور فہیم اشرف کے 64 رنز کی بدولت 378 رنز بنا کر پروٹیز کے خلاف 158 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی۔ 

مہمان ٹیم نے 158 رنز کے خسارے کیساتھ پراعتماد انداز میں دوسری اننگز کا آغاز کیا اور تیسرے روز کا کھیل ختم ہونے تک چار وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنا لئے تھے اور یوں لگ رہا تھا کہ وہ پاکستان کو اچھا ہدف دینے میں کامیاب ہو جائے گی تاہم میچ کے چوتھے روز کے ابتدائی سیشن میں نعمان علی اور یاسر شاہ نے سپن باﺅلنگ کا ایسا جادو جگایا کہ پروٹیز بلے بازوں کی ایک نہ چل سکی اور پوری ٹیم محض 245 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ 

مزید :

کھیل -