’کراچی ٹیسٹ جوئے کی ویب سائٹ پر لائیو سٹریم ہونا افسوسناک، وزیراعظم نوٹس لیں‘ سابق چیئرمین پی سی بی نے بڑا مطالبہ کر دیا

’کراچی ٹیسٹ جوئے کی ویب سائٹ پر لائیو سٹریم ہونا افسوسناک، وزیراعظم نوٹس ...
’کراچی ٹیسٹ جوئے کی ویب سائٹ پر لائیو سٹریم ہونا افسوسناک، وزیراعظم نوٹس لیں‘ سابق چیئرمین پی سی بی نے بڑا مطالبہ کر دیا
سورس:   Twitter

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین خالد محمود نے کراچی ٹیسٹ میچ جوئے کی ویب سائٹ پر لائیو سٹریم ہونے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئےے وزیراعظم عمران خان سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا گیا ٹیسٹ میچ جوئے کی ویب سائٹ پر لائیو سٹریم ہونے کا انکشاف ہوا جس پر پی سی بی کا موقف تھا کہ ایسا غیرقانونی طور پر ہورہا ہے اور تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے جبکہ ذمہ داروں کے خلاف قانونی ایکشن لیا جائے گا۔ 

اس حوالے سے سابق چیئرمین پی سی بی خالد محمود نے کہا کہ یہ بڑی افسوسناک بات ہے، اس سے قبل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میچز بھی جوئے کی ویب سائٹ پر لائیو سٹریم ہونے کا واقعہ سامنے آیا تھا مگر اس وقت شائقین کرکٹ کو یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ ایسا غلطی سے ہوا اور اس کا سدباب کیا جائے گا لیکن ہر بار ایک ہی غلطی تو نہیں ہوسکتی۔ 

انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو بہت سنجیدگی سے لینا چاہیے کیونکہ ہمارا مذہب، اقدار اور قانون ایسی سرگرمی کی اجازت نہیں دیتے، ان معاملات میں ڈھیل کی وجہ سے پہلے بھی پاکستان کرکٹ کو خاصا نقصان پہنچ چکا ہے، 90کی دہائی میں اتنا بڑا سکینڈل سامنے آیا تو جسٹس قیوم کمیشن کی سفارشات کو نظر انداز کر دیا گیا، سپاٹ فکسنگ سکینڈل 2010ءسے ملک کے تین بہترین کرکٹرز کے کیریئرز کو بریک لگی، زیروٹولیرنس پی سی بی حکام کی پسندیدہ اصطلاح بن چکی ہے۔

دوسری جانب حقیقت یہ ہے کہ کھلاڑی فکسنگ میں ملوث ہوتے اور پھر واپس بھی آ جاتے ہیں، اب شرجیل خان کو واپس لانے کی تیاریاں ہو رہی ہیں، کراچی ٹیسٹ کی لائیو سٹریمنگ پر جوئے کے معاملے پر بورڈ کو غور کرنا چاہیے، وزیر اعظم اور پی سی بی کے چیف پیٹرن عمران خان خود بھی کرکٹر رہے ہیں،ان کو بھی نوٹس لینا چاہیے، تحقیقات کی جائیں کہ پی ایس ایل میچز والی غلطی دوبارہ ہونے کی کیا وجوہات ہیں۔

مزید :

کھیل -