وزارت انسانی حقوق نے یورپی یونین کیساتھ مل کر انسانی حقوق پورٹل لانچ کردیا

وزارت انسانی حقوق نے یورپی یونین کیساتھ مل کر انسانی حقوق پورٹل لانچ کردیا
وزارت انسانی حقوق نے یورپی یونین کیساتھ مل کر انسانی حقوق پورٹل لانچ کردیا

  

اسلام آباد (پروموشنل ریلیز) وزارت انسانی حقوق نے پاکستان کا پہلا انسانی حقوق کی معلومات پر مبنی پورٹل لانچ کردیا، یہ پورٹل پاکستان میں یورپی یونین کے تعاون سے بنایاگیا۔ جس کے باعث طلبہ ، اساتذہ ، محققین ، وکلا ، سول سوسائٹی اور عام شہریوں کے لیے انسانی حقوق کی جدید معلومات تک رسائی آسان ہوگئی۔

پورٹل پاکستان میں انسانی حقوق کے قوانین، اس پر عملدرآمد اور اس میں پائے جانے والے خلا، نئے اقدامات، تحقیق ، پالیسیوں اور حل تلاش کرنے میں سہولت فراہم کرنے والے پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔اس پورٹل پر پاکستان کے مقامی ادارہ جاتی انسانی حقوق کے فریم ورک اور عالمی معاہدوں کے ساتھ ساتھ انسانی حقوق کے اہم مسائل پر حکومت، سول سوسائٹی تنظیموں اور اقوام متحدہ کے اداروں کی شائع کردہ مطبوعات پر جامع موادپیش کیاجائے گا۔ 

انسانی حقوق پورٹل سے شہریوں کو ان حقوق کے بارے میں آگاہی ملے گی جو پاکستان کے آئین اور صوبائی قانون سازی سے فراہم کیے گئے ہیں۔ قوانین کو صوبوں کیساتھ ساتھ مختلف موضوعاتی شعبہ جات بشمول شہری، سیاسی اور معاشی حقوق، بچوں کے حقوق، خواتین کے حقوق، اقلیتوں کے حقوق وغیرہ جیسی اقسام میں تقسیم کیا گیا۔اس کے علاوہ وفاق اور صوبائی سطح پر انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے بنائے گئے اداروں ، قانون ساز باڈیز، انسانی حقوق کی کمیٹیاںوغیرہ کے بارے میں بھی معلومات فراہم کی گئی ہیں۔ 

 انسانی حقوق کے لیے سرگرم افراد کی تربیت کیلئے تفصیلی ٹریننگ کے وسائل اور متعلقہ موادکی بھی پورٹل پر دستیابی یقینی بنائی گئی ہے ، متعلقہ موضوعات میں پاکستان کی انسانی حقوق کے حوالے سے بین الاقوامی ذمہ داریاں، انسانی حقوق کے بارے میں اعدادوشمار جمع کرنااور انہیں ترتیب دینا شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ عدلیہ ، استغاثہ اور قانون نافذ کرنیوالی ایجنسیوں کی استعداد کار میں اضافہ کیلئے بھی تربیت پر مرکوز کرنے کا ارادہ ہے ۔ 

پورٹل کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیرانسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہاکہ ’ انسانی حقوق کے وسائل کا پورٹل اہم اور جدید ا قدام ہے جس سے پاکستان میں انسانی حقوق کے بارے میں آگاہی کو فروغ دینے اور شہریوں تک معلومات پہنچانے میں مدد ملے گی ، ہمیں امید ہے کہ اس سے شہریوں کی دلچسپی بڑھے گی اور ایسا ماحول پیدا ہوگا جس میں لوگ اپنے حقوق کا استعمال کرسکیں ۔ 

سیکریٹری انسانی حقوق انعام اللہ خان نے اس موقع پر کہاکہ پاکستان میں یورپی یونین اور وزارت انسانی حقوق کے درمیان اس پورٹل کیلئے قائم اشتراک اچھی گورننس کو یقینی بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

 پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر اندرولا کامینارا نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام جمہوریت، قانون کی حکمرانی،اچھی گورننس پاکستان اور یورپی یونین کے مابین طے کیے گئے انسانی حقوق کے سٹریٹجک پلان کے عین مطابق ہے، ایک شفاف اور جمہوری معاشرے میں عوام کے لیے معلومات تک رسائی ضروری ہے ، پاکستان میں انسانی حقوق سے متعلق اہم معلومات کا تفصیلی مجموعہ اور اسکی ڈیجیٹلائزیشن اور ہرپاکستانی کی اس تک باآسانی رسائی مقصدکے حصول کی طرف اہم قد م ہے ۔ 

اس پورٹل تک رسائی وزارت انسانی حقوق کی ویب سائٹ’ http://mohr.gov.pk/  ‘ یا پھر اس لنک https://portal.mohr.gov.pk  کے ذریعے بھی کرسکتے ہیں۔ 

مزید :

انسانی حقوق -