کراچی ٹیسٹ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ لینے والے فواد عالم نے اپنی اننگز سے متعلق دلچسپ انکشاف کر دیا

کراچی ٹیسٹ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ لینے والے فواد عالم نے اپنی اننگز سے ...
کراچی ٹیسٹ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ لینے والے فواد عالم نے اپنی اننگز سے متعلق دلچسپ انکشاف کر دیا
سورس:   Twitter

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ وصول کرنے والے فواد عالم ٹیم کی جیت پر بہت خوش ہیں جبکہ انہوں نے مشکل وقت میں عمدہ اننگز سے متعلق دلچسپ انکشاف بھی کیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق فواد عالم نے مین آف دی میچ کا ایوارڈ وصول کرنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ایک ایسے وقت میں سنچری بنائی جب ٹیم کو اس کی بہت ضرورت تھی۔ ہمارے 36 رنز پر چار کھلاڑی آﺅٹ ہو چکے تھے اور ہمیں ایک بڑی اننگز کھیلنے کی ضرورت تھی تاکہ دوسری اننگز میں آسانی پیدا ہو سکے۔ انٹرنیشنل کرکٹ میں ہمیشہ دباﺅ ہوتا ہے بالخصوص جب آپ کم بیک کھلاڑی کے طور پر کھیل رہے ہوں۔ 

انہوں نے اعتراف کیا کہ نیشنل سٹیڈیم کراچی کی وکٹ بیٹنگ کیلئے آسان نہ تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ وکٹ پر ڈبل باﺅنس مل رہا تھا اور دراڑیں بھی تھیں اس لئے بیٹنگ بہت مشکل تھی تاہم کھلاڑیوں نے میٹنگ کے دوران اس بات پر اتفاق کیا کہ اگر ہم نے اپنی نیچر گیم کھیلی، حواس بحال رکھے اور وکٹ کی مناسبت کیساتھ بیٹنگ کی تو بڑا سکور کر سکتے ہیں۔ میں نے سوچا کہ اگر میں نے اپنی کرکٹ اچھی طرح کھیلی اور وکٹ پر کھڑا ہونے میں کامیاب ہو گیا تو سکور بنا سکتا ہوں اور ایسا ہی ہوا۔ 

واضح رہے کہ پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ کو سات وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ پاکستان کی پہلی اننگز میں وکٹیں گرنے کے بعد قومی ٹیم کی میچ پر گرفت انتہائی کمزور ہو گئی تھی تاہم فواد عالم نے مشکل وقت میں سنچری بنا کر ٹیم کی پوزیشن کو مضبوط کیا اور پھر باﺅلرز نے بھی اپنا کمال دکھایا جس کے باعث پاکستان یہ میچ جیت گیا۔ 

مزید :

کھیل -