کوینٹن ڈی کوک نے پاکستان کے ہاتھوں شکست کی وجہ بتا دی
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے کپتان کوینٹن ڈی کوک نے کہا ہے کہ کراچی ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں خراب بیٹنگ شکست کی وجہ بنی۔
تفصیلات کے مطابق میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کوینٹن ڈی کوک نے کہا کہ میرے خیال سے پہلی اننگز میں خراب بیٹنگ ہی شکست کی وجہ بنی۔ میرا نہیں خیال کہ ہمیں پاکستان کی کنڈیشنز میں ایڈجسٹ ہونے میں وقت لگا بلکہ ہم نے یہاں اچھی خاصی پریکٹس کی مگر ہم نے آسانی سے وکٹیں گنوائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دوسری اننگز میں ریسی وینڈرڈوسن اور ایڈن مارکرم نے بہت اچھی بیٹنگ کی لیکن بعد ازاں آسانی سے وکٹیں گنوائیں اور راولپنڈی ٹیسٹ میچ سے قبل ہمیں وکٹ کا بھی اچھی طرح اندازہ ہو گیا ہے۔ بلے بازوں کی نسبت ہمارے باﺅلرز نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور جارحانہ کرکٹ کھیلی تاہم پاکستانی بلے بازوں کی بیٹنگ شاندار رہی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے کراچی ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ کو سات وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ میچ کی پہلی اننگز میں عمدہ سنچری سکور کرنے والے فواد عالم کو مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔