نوجوان کے قاتل ایک سال میں بھی گرفتار نہ ہوسکے لیکن سندھ پولیس کو اتنے عرصے بعد کیا یاد آگیا؟ یقین کرنا مشکل
عمرکوٹ (سید ریحان شبیر )نوجوان کے قتل کو ایک سال بیت جانے کے باوجود ملزم گرفتار نہ ہوسکا لیکن پولیس کو اتنے عرصے بعد لواحقین سے تعزیت کرنا یاد آگیا اور سینئر سپرنٹینڈنٹ پولیس(ایس ایس پی) عمرکوٹ شاہجہان پٹھان اہل خانہ سے تعزیت کرنےکے لیے پہنچ گئے اور مقتول کےوالد لیاقت راجپوت سے فاتحہ خوانی اور تعزیت کی ۔
عمرکوٹ میں نئے تعنیات ہونے والے ایس ایس پی کو مقتول شرافت راجپوت کی والدہ نے بتایا کہ ان کے جوان بیٹے کو بےدردی سے قتل کردیا گیا، درندہ صفت سفاک قاتل آزاد گھوم رہا ہے ،کوئی ہمارے ساتھ انصاف کرنےوالا نہیں، پورا گھر شدید ذہنی اذیت کا شکار ہے ۔اس موقع پر ایس ایس پی نے مقتول کے والدین کو یقین دلایا بہت جلد پولیس شرافت راجپوت کےقاتل کو گرفتار کرنےمیں کامیاب ہوجائے گی ،انصاف ملےگا۔
مقتول کے والد لیاقت راجپوت نےمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایس ایس پی نے انصاف کی یقین دہانی کرائی ہے ۔اس سے قبل ایس پی عمرکوٹ پولیس شاہجہان پٹھان نے پولیس کی ٹیم کےہمراہ شرافت راجپوت کو قتل کرنے والی جگہ جائے وقوعہ کا دورہ بھی کیا اور مقتول کے والد سے کیس کےمتعلق حقائق معلوم کیے ۔