"انتخابات میں کامیابی کے بعد آزاد کشمیر کو پیرس بنا دیں گے"سردار تنویر الیاس نے تحریک انصاف کے روڈ میپ کا اعلان کردیا

"انتخابات میں کامیابی کے بعد آزاد کشمیر کو پیرس بنا دیں گے"سردار تنویر الیاس ...

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی اور پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے سینئر رہنماء سردار تنویر الیاس خان نے  کہاہے کہ آزادکشمیر انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد وزیراعظم عمران خان کےوژن کےمطابق سیاحت،زراعت اور پن بجلی کو ترقی دے کر آزاد کشمیر کو خود کفیل بنائیں گے،ماضی کی کسی بھی حکومت نے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات نہیں اٹھائے،عمران خان امید کی ایک کرن ہیں جنھوں نے پاکستان کو مافیا کی سیاست سے آزاد کروایا اور اب کشمیر کی باری ہے،70برس گزر گئے،آزاد کشمیر کے لوگ سڑک،صحت اور پانی جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں،آزاد کشمیر کا آئندہ الیکشن تعمیر ترقی کیلئے ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہو گا،ریاست کے درد دل رکھنے والے کشمیری عوا م فوری عمران خان کی ٹیم کاحصہ بن جائیں۔

تحریک انصاف آزاد کشمیر کے عہدیداران سے ملاقات کے بعدمیڈیا  سے گفتگو کرتے ہوئےسردار تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ  پی ٹی آئی کو مضبوط کئے بغیر تبدیلی کاخواب ممکن نہیں،تعمیر ترقی کی راہ میں سب سےبڑی رکاوٹ برادری اور علاقائی ازم کی سیاست ہے،آزاد کشمیر میں تعمیر ترقی کر کے اسے فلاحی ریاست بنایا جا سکتا ہے،2005ءکے قیامت خیز زلزلہ کے بعد آزاد کشمیر میں دنیا بھر سے امدادی رقوم آئیں جس کیوجہ سے انفراسٹرکچر کچھ بہتر ہوا،آج بھی آزاد کشمیر جیسے قدرتی وسائل سے مال و مال خطہ کی طرف دنیا کو متوجہ کر کے بڑی سرمایہ کاری کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ کیلئے سڑکوں کا انفراسٹرکچر درست کرنے سمیت عالمی معیار کے ہوٹل،گیسٹ ہاؤسز،ہوٹلز بنانا ہونگے،اس مقصد کیلئے بیرونی سرمایہ کاروں کو راغب کیا جا سکتا ہے،الیکشن پانچ  سال بعد آتے ہیں، آزادکشمیرکےلوگوں کےپاس یہ بہترین موقع ہےکہ وہ ایسے نمائندے منتخب کریں جو ریاست کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہوں،عمران خان آزاد کشمیر کو ایک ترقی یافتہ ریاست بنانے کے خواہاں ہیں،آزاد کشمیر کے عوام پی ٹی آئی کا حصہ بن کر اپنے حصے کا کردار ادا کریں،اگلا کام ہم پر چھوڑ دیں،پی ٹی آئی اقتدار میں آکر آزاد کشمیر کوپیرس بنا دیگی۔

سردار تنویر الیاس خان سے ملاقات کرنے والوں میں سپورٹس اینڈ کلچرونگ پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے صدرعمر شہزاد ، صداقت حیات(سیکرٹری جنرل)، نوازاتیال (ڈپٹی جنرل سیکرٹری)سردار عتیق سخاوت ایڈووکیٹ(جائنٹ سیکرٹری) سیکرٹری گڈ گورننس چوہدری عباس رضا، سپورٹس اینڈ کلچرل ونگ پونچھ ڈویژن کے زونیشہ خان (ڈپٹی جنرل سیکرٹری) تبریزکاظمی (سیکرٹری اطلاعات)عافیہ معروف عباسی (سیکرٹری فنانس) ٹریڈرز ونگ پی ٹی آئی آزادکشمیر کےشیراز خان(سینئرنائب صدر) سردار امجد ایڈوکیٹ (جنرل سیکرٹری ضلع سدھنوتی) سردارشکیل (سابق جنرل سیکرٹری ضلع سدھنوتی) سابق صدر آئی ایس ایف جبار مغل،امیرحمزہ خان،وومن ونگ  پی ٹی آئی آزاد کشمیرکی پروفیسر تقدیس گیانی (صدر)ڈاکٹرنازیہ نیاز (ایڈیشنل سیکرٹری جنرل) آسیہ رفیق ایڈووکیٹ (نائب صدر) شامل تھے۔

مزید :

علاقائی -اسلام آباد -