وزیراعلیٰ پنجاب نے ساہیوال میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئےبڑی خوشخبری سنا دی

وزیراعلیٰ پنجاب نے ساہیوال میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کرتے ...
وزیراعلیٰ پنجاب نے ساہیوال میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئےبڑی خوشخبری سنا دی

  

ساہیوال(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ساہیوال پنجاب کا مردم خیز اور زرخیز خطہ ہے جو تیزی سے انتظامی اور تجارتی مرکز کے طور پر سامنے آ رہا ہے،ساہیوال میں ایگرو بیسڈانڈسٹریز کا بھرپور پوٹینشل موجود ہے،تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کی حکومت کی منصوبہ بندی کے نتیجے میں ساہیوال کیساتھ ہڑپہ اور چیچہ وطنی بھی ترقی کے سفر میں برابر کے شریک ہوں گے،ہڑپہ اورچیچہ وطنی کیلئے دو،دو ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج دیئے گئے ہیں۔

ساہیوال میں شہر کیلئے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کے آغاز کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ترقیاتی پیکیج میں تعلیم،صحت،سڑکوں کی تعمیر،تحصیل سپورٹس کمپلیکس،گراؤنڈز،وائلڈ لائف پارک،انڈرپاس،واٹرسپلائی اورسیوریج کےمنصوبے شامل ہیں،ساہیوال دیگر ترقی پذیر شہروں کی طرح پاکستان تحریک انصاف کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے،میں ساہیوال کے پانچ سے زیادہ دورے کر چکا ہوں،عوامی نمائندوں، ٹکٹ ہولڈرز، پی ٹی آئی عہدیداروں، وکلاء اور دیگر وفود سے ملاقاتوں میں تبادلہ خیال کا موقع ملا،میری ٹیم قابل عمل تجاویز اور سفارشات پر عملدرآمد کیلئے دن رات کوشاں ہے، پنجاب کے شہر اب جدید سہولتوں سے آراستہ دور میں داخل ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ساہیوال میں ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے اشتراک سے جدید اربن میونسپل سروسز کا آغاز کیا جا رہا ہے اور وزیراعظم عمران خان صاحب سیالکوٹ میں اس پروگرام کاافتتاح کرچکے ہیں،ساہیوال میں 18ارب روپے کی مجموعی لاگت سے پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپروومنٹ انوسٹمنٹ پروگرام لانچ کیا گیا ہے اوراس  منصوبے میں اوپن اورشفاف انٹرنیشنل بڈنگ کے ذریعے 11کروڑ روپے کی خطیر رقم کی بچت کی گئی ہے،ساہیوال اور سیالکوٹ مستقبل میں انجن آف گروتھ کاکردارادا کریں گے۔

سردار عثمان بزدار نے کہاکہ مزید سات  شہروں میں بہترین میونسپل سروسز کی فراہمی کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ساہیوال میں ویسٹ سیگریگیشن پلانٹ   اورویسٹ مینجمنٹ ٹریننگ اکیڈمی کا افتتاح کیا گیا اوراحساس پروگرام لانچ کیاگیا،ساہیوال میں ہنر مند نوجوان پروگرام اور پنجاب روزگار سکیم کا آغاز کیا گیاہے، ساہیوال میں 120 بیڈ کے انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا سنگ بنیاد رکھا گیا، ٹیچنگ ہسپتال ساہیوال کو بھی اپ گریڈ اور بہتر کر رہے ہیں،پنجاب میں صحت سہولت کارڈز، اورانصاف میڈیسن کارڈز کے اجراء کے بعد یونیورسل ہیلتھ کیئر پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے،صوبہ بھر کے 12کروڑ عوام کو مفت علاج کی سہولت ملے گی، یہ ایک ایسا پروگرام ہے جس کی ترقی پذیر ممالک میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کسان دوست حکومت ہے جو2019 میں کامیابی سے زرعی پالیسی تیار کر کے کام کا آغاز کرچکی ہے،زرعی شعبہ میں پنجاب حکومت گزشتہ دو برس کے دوران 90ارب 70کروڑ روپے کی لاگت سے اہم منصوبے شروع کر چکی ہے،ساہیوال کوصوبے میں لائیوسٹاک کا مرکز قرار دیا جاتا ہے لیکن کسی نے پنجاب میں لائیوسٹاک پالیسی بنانے کی زحمت گوارا نہیں کی تھی،وزیراعظم پاکستان عمران خان کی ویژنری قیادت میں یہ اعزاز بھی ہمارے حصے میں آیاہے کہ ہم پنجاب کی پہلی لائیوسٹاک پالیسی تیار کر چکے ہیں اور اسی سال بجٹ سے پہلے یہ آپ کے پاس ہو گی۔وزیراعلیٰ پنجاب  نے کہا کہ ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی تکمیل کیلئے عوامی نمائندوں اور دیگر سٹیک ہولڈرز سے رابطے رکھے جائیں گے،وزیراعظم عمران خان کی رہنمائی میں ترقی کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے اورہم یکساں ترقی کا سنگ میل عبور کر کے دم لیں گے۔