سوشل میڈیا کی طاقت نے سٹاک مارکیٹ کے بڑے بڑے شیروں کو زیر کردیا، کئی سو ارب کا ٹیکہ لگا دیا

سوشل میڈیا کی طاقت نے سٹاک مارکیٹ کے بڑے بڑے شیروں کو زیر کردیا، کئی سو ارب کا ...
سوشل میڈیا کی طاقت نے سٹاک مارکیٹ کے بڑے بڑے شیروں کو زیر کردیا، کئی سو ارب کا ٹیکہ لگا دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) سوشل میڈیا نے ایک بار پھر اپنی طاقت کا سکہ جما دیا اور سٹاک مارکیٹ کے بڑے بڑے شیروں کو چاروں خانے چت کر دیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق سماجی رابطے اور بحث و مباحثے کی ویب سائٹ Redditکے ذیلی سوشل میڈیا گروپ ’وال سٹریٹ بیٹس‘ (WallStreetBets)پر چلنے والی ایک مہم کے نتیجے میں امریکی الیکٹرانکس ریٹیل کمپنی ’گیم سٹاپ کارپوریشن‘ کے حصص کی قیمت میں جنوری کے مہینے میں حیران کن طور پر 1700فیصد اضافہ ہو چکا ہے، جس سے سٹاک مارکیٹ کے چھوٹے سیلرز کے اربوں روپے ڈوب گئے ہیں جبکہ ’گیم سٹاپ کارپوریشن‘ کے تین سب سے بڑے حصص داروں نے اس مہم سے 3ارب ڈالر سے زائد کما لیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق وال سٹریٹ بیٹس ایک ایسا سوشل میڈیا پلیٹ فارم ہے جس پر سٹاک مارکیٹ کے سرمایہ کاروں کے درمیان مباحثے ہوتے ہیں۔ اس پلیٹ فارم پر گیم سٹاپ کارپوریشن کے حصص خریدنے کی ایک مہم شروع ہوئی جو اس قدر عروج کو پہنچی کہ کمپنی کے حصص میں 1700فیصد سے زائد کا اضافہ ہو گیا۔ کمپنی کے حصص میں اس قدر ہوشربا اضافہ ہونے پر وائٹ ہاﺅس اور امریکی سکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن بھی متحرک ہو گئے اور اس تمام عمل کی نگرانی شروع کر دی تاکہ معلوم کر سکیں کہ آیا کمپنی کے حصص میں اس قدر اضافہ کسی فراڈ کا نتیجہ تو نہیں ہے۔
گزشتہ دنوں میسجنگ پلیٹ فارم ’ڈسکارڈ‘ (Discord)نے وال سٹریٹ بیٹس کے سرور پر پابندی عائد کر دی، جس سے اس افواہ کو تقویت ملی کہ وال سٹریٹ بیٹس کسی طرح کے فراڈ میں ملوث ہوئی ہے جس سے گیم سٹاپ کے حصص میں اضافہ ہوا تاہم ڈسکارڈ نے اس افواہ کو یہ کہہ کر ختم کر دیا کہ اس کی طرف سے وال سٹریٹ بیٹس کا سرور ’نفرت انگیز‘ مواد پوسٹ کرنے کی وجہ سے بند کیا گیا۔ ڈسکارڈ کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ وال سٹریٹ بیٹس کی طرف سے مسلسل نفرت انگیز مواد پوسٹ کیا جا رہا تھاجس پر اسے بارہا وارننگ دی گئی اور بالآخر اس کا سرور بند کر دیا گیا۔