کرنل قذافی کی بہو نے پولیس والوں پر گاڑی چڑھا دی
دمشق(مانیٹرنگ ڈیسک) لیبیا کے سابق حکمران کرنل معمر قذافی کی بہو نے پولیس اہلکاروں اور سڑک کنارے پیدل چلتے لوگوں پر گاڑی چڑھا دی۔ ڈیلی سٹار کے مطابق 41سالہ الینی سکاف معمر قذافی کے 45سالہ بیٹے ہینیبال قذافی کی اہلیہ ہیں، جنہوں نے شام کے دارالحکومت دمشق میں لوگوں پر گاڑی چڑھائی۔ بتایا گیا ہے کہ انہیں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر پولیس اہلکاروں نے روکا جس پر وہ غصے میں آ گئیں اور ان پر گاڑی چڑھا دی۔
فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا
رپورٹ کے مطابق الینی سکاف سابق ماڈل ہیں ۔ ان کی گاڑی کی ٹکر سے تین پولیس اہلکار اور دو شہری زخمی ہوئے۔ واقعے کے بعد الینی گاڑی بھگا لے گئی اور اب شامی پولیس ان کی تلاش میں ہے۔ سوشل میڈیا پر گردش کرتی افواہوں میں بتایا جا رہا ہے کہ پولیس آفیسرز اور شہریوں پر گاڑی چڑھانے کے بعد شام کے ایک مقامی شہری نے الینی کو موقع واردات سے فرار ہونے میں مدد دی۔پولیس کی طرف سے ایک آفیشل ہدایت نامہ جاری کیا گیا ہے جس میں الینی سکاف کی گرفتاری کے لیے کہا گیا ہے۔