فواد چوہدری پر تشدد ہوا ، اہلیہ حبا چوہدری نے الزام لگا کر چیف جسٹس سے سوموٹو ایکشن کا مطالبہ کردیا

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) فواد چوہدری کی اہلیہ حبا چوہدری نے چیف جسٹس سے اپیل کی ہے کہ پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری پر تشدد اور دہشت گردوں کی طرح عدالت پیشی پر سوموٹو ایکشن لیا جائے۔ لاہور میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کے دوران حبا چوہدری کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال، فواد چوہدری پر تشدد اور حکومت کی جانب سے قانون کی خلاف ورزی پر سوموٹو ایکشن لیں، انہوں نے حکومتی انتقامی کارروائیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ فواد چودھری کو عدالتی ہدایت کے باوجود ان کی بیٹیوں سے نہیں ملنے دیا جا رہا۔ حبا چوہدری کا کہنا تھا کہ گزشتہ سماعت کے دوران فاضل جج نے پولیس کو ہدایت کی کہ بخشی خانے میں فواد چوہدری کی بیٹیوں سے ملاقات کروائی جائے مگر پولیس نے عدالتی حکم کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے فواد چوہدری کو 4 سالہ اور 6 سالہ کم سن بیٹیوں سے ملنے نہیں دیا۔