سی ٹی ڈی کا رحیم یار خان میں ایکشن، کالعدم القاعدہ کے 2 خطرناک دہشت گرد گرفتار

رحیم یار خان (ڈیلی پاکستان آن لائن)کاونٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی ) پنجاب نے اہم کارروائی کرتے ہوئے رحیم یار خان سے کالعدم تنظیم القاعدہ کے 2 خطرناک دہشت گرد گرفتار کر لئے۔ نجی ٹی وی ڈان نیوز کے مطابق سی ٹی ڈی نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 2 دہشت گرد گرفتار کر کے ان کے قبضے سے بارودی مواد، ڈیٹونیٹرز، بم ڈیوائس بنانے کے سامان سمیت خطرناک اسلحہ برآمد کر لیا۔ دہشت گرد حساس تنصیبات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق دہشت گرد احمد حسن اور غلام اللہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا جس کے بعد انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز ڈی جی خان میں سی ٹی ڈی سے مقابلے کے دوران 4 دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا جس کے دوران 2 دہشت گرد گرفتار جبکہ 2 فرار ہو گئے تھے، سی ٹی ڈی نے کل فرار ہونے والے 2 دہشت گردوں کو کامیاب کارروائی کے بعد آج حراست میں لے لیا۔