عید الفطر کے موقع پر آئی ڈی پیز کو بھی یاد رکھنا چاہئے، آصف علی زرداری

عید الفطر کے موقع پر آئی ڈی پیز کو بھی یاد رکھنا چاہئے، آصف علی زرداری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ا سلام آباد (پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدرپاکستان آصف علی زرداری نے عیدالفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں اپنے ہم وطنوں سے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دینے والے افراد جو شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرکے آئے ہیں کی مدد اور آبادکاری میں تعاون کریں۔ اس موقع پر ہمیں اپنے فلسطینی بہن بھائیوں سے بھی اظہار یکجہتی کرنا چاہیے جن پر اسرائیل نے کئی ہفتوں سے ظلم روا رکھا ہوا ہے۔ اس عید کے موقع پر ہم رمضان کی برکتوں کے لئے اللہ تعالیٰ کے سامنے سجدہ ریز ہوتے ہیں۔ انہوں نے عیدالفطر کے موقع پر تمام مسلان بہن بھائیوں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کے روز ہمیں اپنی خوشیوں میں سب کو شریک کرنا چاہیے۔ اس موقع پر ہمیں ان لوگوں کو خوشیوں میں شریک کرنا چاہیے جو شمالی وزیرستان میں اپنا گھربار چھوڑ کر بنوں اور خیبرپختونخواہ کے دیگر علاقوں میں کیمپوں میں رہائش پذیر ہیں۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کو ہدایت کی کہ عید کے موقع پر کچھ وقت نقل مکانی کرنے والوں اور ان سپاہیوں اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کے خاندانوں کے ساتھ گزاریں جو اپنے وطنِ عزیز کی حفاظت کے لئے دہشتگردوں اور انتہاپسندوں سے جنگ میں مصروف عمل ہیں۔ ہمیں آج فوجیوں، پولیس اہلکاروں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروںاور معصوم شہریوں کو بھی اپنی دعاﺅں میں یاد رکھنا چاہیے جنہوں نے ملک کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا تاکہ آج ہم امن و سکون سے عید منا سکیں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ رمضان کی برکتوں سے استفادہ کرنے کے لئے ہماری رہنمائی سارا سال فرماتا رہے اوران لوگوں کی مدد اور تعاون کی توفیق دے جو انتہا پسندوں اور دہشتگردوں کے ہاتھوں متاثر ہوئے اور ہمیں توفیق دے کہ ہم غزہ کے مسلمان بہن بھائیوں اور ساری دنیا میں مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہوں۔

مزید :

صفحہ اول -