مسلمان سلمان خان کی فلم دیکھنے سینما گھر نہ جائیں:بھارتی علماء
ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) ریاست مدھیہ پردیش کے شہر بھوپال میں علما نے مسلمانوں سے عیدالفطر کو ریلیز ہونیوالی سلمان خان کی نئی فلم نہ دیکھنے کی اپیل کردی ہے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھوپال کی عید گاہ میں قاضی شہر سید مشتاق ندوی نے اپنے خطبے کے دوران کہا کہ عید رمضان المبارک میں کی گئی عبادات کا صلہ ہے اور اسے منانے کے کئی طریقے ہیں، بابرکت دنوں کو سینما گھروں میں جاکر برباد نہ کیا جائے بلکہ اپنے گھروں میں رہ کر مہمانوں کا خیر مقدم کرکے اللہ کی رحمتیں حاصل کریں۔مشتاق ندوی نے سلمان خان کا نام نہ لیتے ہوئے کہا کہ ہر سال عید الفطر پر ایک اداکار کی فلم ریلیز ہوتی ہے اور مسلمانوں کی بڑی تعداد اسے دیکھنے پہنچ جاتی ہے لیکن وہ اب گزارش کرتے ہیں کہ کوئی بھی مسلمان فلم دیکھنے نہ جائیں، اگر مسلمان اسکی فلم نہیں دیکھیں گے تو وہ بھی عید کے موقع پر اپنی فلمیں ریلیز نہیں کریں گے۔