ملک بھر میں عید الفطرکے ہزاروں اجتماعات ،بیشتر سیاسی شخصیات نے آبائی علاقو ں میں نماز عید ادا کی

ملک بھر میں عید الفطرکے ہزاروں اجتماعات ،بیشتر سیاسی شخصیات نے آبائی علاقو ں ...
ملک بھر میں عید الفطرکے ہزاروں اجتماعات ،بیشتر سیاسی شخصیات نے آبائی علاقو ں میں نماز عید ادا کی

  


لاہور ،اسلام آباد ،ملتان ، فیصل آباد،کراچی ، پشاور ،کوئٹہ ،مینگورہ(مانیٹرنگ ڈیسک )ملک بھر میں عید الفطرکے ہزاروں اجتماعات ہوئے ، ملک کی بیشتر سیاسی شخصیات نے آبا ئی علاقوں میں نماز عید ادا کی۔تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہواجہاں اہم سیاسی شخصیات اور حکومتی عمائدین نے بھی نماز ادا کی۔ لاہور میں شہریوں کی بڑی تعداد نے بادشاہی مسجد میں عید کی نماز پڑھی، گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے بھی یہیں نماز عید ادا کی، مسجد داتا دربار میں بھی نماز عید کا بڑا اجتماع ہوا، قذافی سٹیڈیم میں شہریوں کی بڑی تعداد نے جماعت الدعوة کے امیر حافظ محمد سعید کی امامت میں نماز عید ادا کی، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ماڈل ٹاﺅن میں عید کی نماز ادا کی، منہاج القرآن کے سربراہ طاہرالقادری نے ماڈل ٹاﺅن کی مسجد میں نماز عید ادا کی۔ شہر قائد میں بھی مساجد، عید گاہوں اور کھلے مقامات پر نماز عید ادا کی گئی، سب سے بڑا اجتماع باغ جناح پولو گراﺅنڈ میں ہوا جہاں مسلم ممالک کے سفیروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے نماز ادا کی۔کوئٹہ میں بھی درجنوں مقامات پر نماز عید ادا کی گئی، سب سے بڑا اجتماع طوغی روڈ پر ہوا جہاں اہم شخصیات نے بھی نماز پڑھی۔ پشاور میں چارسدہ روڈ اور دیگر مقامات پر نماز عید کے اجتماعات ہوئے،گورنر خیبر پختونخوانے گورنر ہاﺅ س میں عید کی نماز ادا کی ۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ناصر الملک نے اپنے آبائی علاقے مینگورہ میں نماز عید ادا کی۔ فیصل آباد گوجرانوالہ اورملتان سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں بھی نماز عید کے اجتماعات ہوئے۔ فیصل آباد میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع ایم سی ہائی سکول گراﺅنڈ میں ہوا، جہاں ہزاروں شہریوں نے نماز ادا کی،وزیر مملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی نے جامع مسجد محلہ خالد آباد میں بارش کے دوران نماز عید ادا کی۔ ملتان میں بھی درجنوں مقامات پر نماز عید کی ادائیگی کا اہتمام کیا گیا، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے مسجد موسی پارک میں نماز ادا کی۔ سکھر ، حیدر آباد، لاڑکانہ ، جیکب آباد، اور نواب شاہ سمیت اندرون سندھ بھی نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات میں لاکھوں مسلمان اللہ کے حضور سربسجود ہوئے۔وزیر اعلٰی سندھ سید قائم علی شاہ نے گڑھی خدا بخش میں نماز عید الفطر ادا کی اور اسکے بعد سابق وزیر اعظم بےنظیر بھٹو کی قبر پر حاضری بھی دی ۔

مزید : قومی /اہم خبریں