لاہور میں کول پاور پراجیکٹ ختم ،حکومت پہلے ہوم ورک کرلیا کرے ،صاف آب وہوا شہریوں کا حق ہے ،ہائی کورٹ

لاہور میں کول پاور پراجیکٹ ختم ،حکومت پہلے ہوم ورک کرلیا کرے ،صاف آب وہوا ...
لاہور میں کول پاور پراجیکٹ ختم ،حکومت پہلے ہوم ورک کرلیا کرے ،صاف آب وہوا شہریوں کا حق ہے ،ہائی کورٹ

  

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ کوپنجاب حکومت نے آگاہ کیا ہے کہ لاہور میں بی آر بی کے علاقے میں کوئلے سے چلنے والے بجلی گھر کی تعمیر کا پراجیکٹ ختم کردیا گیا ہے جس کے بعد فاضل بنچ نے اس پراجیکٹ کے خلاف دائرتمام درخواستیں ثمر آور قرار دے کر نمٹا دیں ۔اس موقع پر فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ حکومت کو چاہیے کہ کوئی منصوبہ شروع کرنے سے پہلے ہوم ورک کر لیا کرے ، فل بنچ کے ریمارکس ۔جسٹس مامون الرشید شیخ کی سربراہی میں قائم فل بینچ نے لاہور پریس کلب اور مفاد عامہ کی تنظیم جوڈیشل ایکٹو ازم پینل کی درخواستوں پر سماعت کی ۔ عدالتی حکم پر ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل پنجاب محمدشان گل اور متعلقہ حکام نے پیش ہو کر بتایا کہ حکومت نے یہ منصوبہ ختم کر دیا ہے اور اس ضمن میں جاری کردہ نوٹیفکیشن کو بھی واپس لیا جا رہا ہے جس پر عدالت نے درخواستیںثمر آور قرار دے کر نمٹاتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ حکومت کو کوئی منصوبہ شروع کرنے سے پہلے ہوم ورک کر لینا چاہئے ۔ اور اس بات کا جائزہ لینا چاہئے کہ ماحول پر اس کے کیا اثرات مرتب ہو رہے ہیں ۔ عدالت نے مزید قرار دیا کہ صاف آب و ہوا شہریوں کا حق ہے ۔

مزید : لاہور