پارٹی کے اندرونی امورکو اچھالنے والے عمران خان سے مخلص نہیں ہو سکتے،شعیب صدیقی

پارٹی کے اندرونی امورکو اچھالنے والے عمران خان سے مخلص نہیں ہو سکتے،شعیب ...

لاہور ( نمائندہ خصوصی) چئیر مین تحریک انصاف کے مشیر برائے الیکٹورل افئیرز شعیب صدیقی نے کہا کہ پارٹی کے اندرونی امور کو میڈیا پر اُچھالنے والے تحریک انصاف اور عمران خان سے ہر گز مخلص نہیں ہو سکتے ،حامد خان کو ایسی باتیں زیب نہیں دیتیں جو پارٹی کیلئے جگ ھنسائی کا باعث بنیں ،اگر ان کے پاس کہنے اور کرنے کیلئے کُچھ تھا تو اس مسلئے کو کورکمیٹی کے سامنے رکھتے ،پارٹی اجلاس میں بات کرتے ،ان کی اپنی رسائی چئیر مین تک تھی ،کمیشن کا فیصلہ آنے کے بعد اپنے نمبر بنانا قابل افسوس ہے ۔شعیب صدیقی نے کہا کہ حامد خان نے ماضی میں بھی کئی بار ایسے ہی غیر ذمہ دارانہ رویے کا مظاہرہ کیا، آج پھر جہانگیر ترین جیسی معتبر اور سینئر شخصیت کے خلاف بیان بازی کر کے وہ نہ جانے کونسے مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں ،شعیب صدیقی نے کہا کہ انتخابی دھاندلی کے خلاف تحریک انصاف نے اصولی اور دوٹوک موقف اختیار کیا اور اپنے طور پر سب نے رضانہ کارانہ طور پر دن رات سخت محنت سے کام کیا ،انہوں نے کہا کہ نتیجہ حق میں نہ آنے پر یکجہتی اور اتحاد کا مظاہرہ کرنے کی بجائے حامد خان اپنا راگ الاپ رہے ہیں جس کا حقائق سے دور کا بھی تعلق نہیں ۔شعیب صدیقی نے جہانگیر ترین کے خلاف بیانات کی مذمت کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور خود ساختہ مفروضوں پر مبنی قرار دیا ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1