بینکوں کے لین دین پر ٹیکس کا معاملہ فوری حل کیا جائے،وقار احمد میاں

بینکوں کے لین دین پر ٹیکس کا معاملہ فوری حل کیا جائے،وقار احمد میاں

لاہور(وقائع نگار)انجمن تاجران لاہور گروپ نے اپنے ایک اجلاس میں حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ بینکوں سے لین دین پر ٹیکس کا معاملہ فوری طور پر افہام تفہیم سے حل کرے تاکہ تاجروں کو ہڑتال جیسا انتہائی قدم نہ اٹھانا پڑے، بہتر یہ ہوگا کہ صنعت و تجارت کے وسیع تر مفاد میں حکومت یہ ٹیکس فوری طور پر واپس لے۔ اجلاس کی صدارت فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ریجنل سٹینڈنگ کمیٹی برائے پنجاب ٹریڈرز کوآرڈینیشن کے چیئرمین وقار احمد میاں کررہے تھے

جبکہ اجلاس میں میاں خلیل عبیر، ہمایوں میر، میاں اسلم، محبوب انور بوری، شاہد شاہ، محمد فیاض چودھری، ملک فاروق حفیظ، حافظ رضوان بٹ،حاجی اشفاق احمد، شبیر لبھا، رانا نثار،ملک زمان اور تیس سے زائد مارکیٹوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ وقار احمد میاں نے کہا کہ حکومت تاجروں کے تحفظات کو دور کیے بغیر بینکوں سے لین دین پر ٹیکس ہرگز عائد نہ کرے کیونکہ اس سے فائدہ ہونے کے بجائے نقصان ہوگا، اگر تاجر ہڑتال جیسا راست اقدام اٹھانے پر مجبور ہوئے تو معیشت کو بھاری نقصان ہوگا جس کی تمام ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔ وقار احمد میاں نے کہا کہ اگر حکومت نے یہ ٹیکس نافذ کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا تو تاجر بینکوں سے لین دین سے گریز کریں گے جس سے بینکنگ سیکٹر دیوالیہ ہوجائے گا۔

مزید : میٹروپولیٹن 4