پاکستان اور سری لنکا پہلے ٹی ٹوئنٹی میں کل آمنے سامنے ہونگی

پاکستان اور سری لنکا پہلے ٹی ٹوئنٹی میں کل آمنے سامنے ہونگی

کولمبو ( آئی این پی ) پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور ایک روزہ ٹیم کے کپتان اظہر علی کے بعد ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے قائد آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی کا امتحان شروع ہوگیا ۔ پاکستان اور سری لنکا کے مابین 2 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کل جمعرات کو کولمبو میں کھیلا جائے گا ، دونوں ٹیموں کے مابین اب تک کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کا میزبان ٹیم پر پلڑا بھاری ہے ، ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں نے کولمبو میں قومی ٹیم کو جوائن کرلیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے مابین دو ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کل جمعرات کو کولمبو میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا میچ یکم اگست کو کولمبو میں ہی کھیلا جائے گا ۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم نے ٹیسٹ اور ایک روزہ سیریز میں میزبان ملک کو شکست دی ، اب تک کھیلے گئے دونوں ممالک کے مابین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں میزبان ملک پر گرین شرٹس کو برتری حاصل ہے ، اب تک 12ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سے پاکستان نے7 میچوں میں فتح جبکہ میزبان نے5میچوں میں فتح حاصل کی ۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے قومی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں نے کولمبو میں ٹیم کو جوائن کرلیا ہے ۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی