فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ اگست کے پہلے ہفتے مکمل ہوجائیگی

فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ اگست کے پہلے ہفتے مکمل ہوجائیگی

لاہور( سپورٹس رپورٹر) ورلڈ ہاکی لیگ میں قومی ہاکی ٹیم کی ناقص کارکردگی کی تحقیقات کے لئے بنائی گئی پی ایچ ایف کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی تحقیقات کا دوسرا مرحلہ آج اسلام آباد میں شروع ہوگا۔ کمیٹی میں اولمپئن شاہد علی خان، محمد اخلاق اور منصور احمد شامل ہیں ۔کمیٹی کے رکن اولمپئن محمد اخلاق نے بتایا کہ کمیٹی کی تحقیقات تین مرحلوں پر مشتمل ہے ۔پہلا مرحلہ لاہور میں مکمل ہوچکا ہے جبکہ دوسرا مرحلہ آج اسلام آباد اور تیسرا مرحلہ یکم یا دو اگست کو کراچی میں ہوگا اور کمیٹی اگست کے پہلے ہفتے تک اپنی تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ پی ایچ ایف کے حوالے کردے گی۔ لاہور کے بعد اسلام آباد اور کراچی کے سینئر سپورٹس جرنلسٹس کی بھی تجاویز لی جائیں گی۔ محمد اخلاق نے بتایا کہ قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ شہناز شیخ اورمستعفی چیف سلیکٹر اصلاح الدین کی ورلڈ ہاکی لیگ میں ٹیم کی کارکردگی کے بارے میں دی گئی رپورٹ مفصل ہے جس کو ہم نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ کا حصہ بنالیا ہے۔ اگر ضرورت پڑی تو ان سے بھی رابطہ کیا جائے گا ۔محمد اخلاق نے کہا کہ کمیٹی جلد بازی میں رپورٹ نہیں دینا چاہتی۔ ہم تحقیقات کے ہر پہلو کو مکمل کریں گے ۔ ہمارا کام اس میں کسی کو ذمہ دار ٹھہرانا نہیں ہے بلکہ ان عوامل کو تلاش کرنا ہے جن کی وجہ سے پاکستان ہاکی ٹیم اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ میں توقعات پر پوری نہیں اتر سکی۔ ہم نے کسی کی حمایت اور مخالفت نہیں کرنی ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی