بھارتی کرکٹ بورڈ کرپشن میں ملوث کھلاڑیوں پر پابندی اٹھانے سے انکاری

بھارتی کرکٹ بورڈ کرپشن میں ملوث کھلاڑیوں پر پابندی اٹھانے سے انکاری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


نئی دہلی(آن لائن)بھارتی کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ دہلی کی ٹرائل کورٹ کی جانب سے الزامات مسترد کئے جانے کے باوجود بھی راجستھان رائلز کے کرپشن میں ملوث کھلاڑیوں کیخلاف پابندی ختم نہیں کی جائے گی۔ راجستھان رائلز سے تعلق رکھنے والے انکیت چوہان، سری سانتھ اور اجیت چنڈیلا کیخلاف دہلی کی ٹرائل کورٹ نے ناکافی ثبوتوں کی روشنی میں میچ فکسنگ کے الزامات مسترد کردیئے تھے۔ اس کے بعد امید کی جارہی تھی کہ بی سی سی آئی بھی ان کھلاڑیوں سے پابندی ہٹا دے گی۔اس سلسلے میں بی سی سی آئی کے سیکرٹری انوراگ ٹھاکر کا کہنا ہے کہ کیرالہ کرکٹ ایسوسی ایشن نے اپنے کھلاڑی سری سانتھ سے پابندی اٹھانے کی درخواست دی ہے تاہم بی سی سی آئی ایسا کوئی فیصلہ نہیں کرے گا۔ بورڈ نے پابندی کا فیصلہ اپنی تحقیقات کی روشنی میں کیا تھا اوراس کا عدالتی کارروائی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ یہ فیصلہ انٹی کرپشن یونٹ کی تحقیقات کے بعد ہوا تھا اور اس لئے یہ بین برقرار رہے گا۔واضح رہے کہ سری سانتھ اور چوہان کیخلاف بی سی سی آئی تاحیات پابندی لگاچکی ہے جبکہ چنڈیلا کا کیس التوا کا شکار ہے۔ دوسری جانب کیرالہ میں واقع انٹرنیشنل سٹیڈیم کے مالکان نے سری سانتھ کو سٹیڈیم میں پریکٹس کی اجازت دے دی ہے۔