زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے چینی یونیورسٹی کے ساتھ معاہدے پر دستخط

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے چینی یونیورسٹی کے ساتھ معاہدے پر دستخط

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


فیصل آباد (آن لائن)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور چین کی ساؤتھ چائنا یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی گنگازومیں سنٹرفار پولی مر اینڈ رنیوایبل ریسورسز نے باہمی تعاون کے معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔معاہدے کے مطابق دونوں ادارے تحقیق کے ساتھ ساتھ اساتذہ اور سائنس دانوں کی استعداد کار میں اضافہ کیلئے مشترکہ طورپرسیمینار‘ کورسز اور کانفرنس و مطالعاتی دوروں کا انتظام کریں گے جبکہ طلباء وطالبات‘ تدریسی اور پروفیشنل سٹاف کے باہمی تبادلوں کو بھی معاہدے کا حصہ بنایا گیا ہے۔ آن لائن کے مطابق دونوں ادارے تعلیم و تحقیق کے شعبہ جات میں مشترکہ اہداف کیلئے بھی ایک دوسرے کی مدد کریں گے جبکہ چینی ادارے نے غذائی اجناس اور اشیاء کی شیلف لائف میں اضافہ کیلئے فوڈ پیکیجنگ کے شعبہ میں پاکستانی ماہرین کی استعدار کار میں اضافہ کیلئے رضامندی ظاہر کی۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خاں کی موجودگی میں معاہدے پر یونیورسٹی کی کلیہ فوڈ نیوٹریشن و ہوم سائنسز کے ڈین پروفیسرڈاکٹر مسعودصادق بٹ اور سنٹر فار پولیمر فرام رنیوایبل ریسورسز‘ ساؤتھ چائنا یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے ڈائریکٹرپروفیسرڈاکٹر لانگ یونے دستخط کئے۔اس موقع پر وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ پاکستان میں غذائی اجناس وپھلوں کی ایک بڑی شرح کم شیلف لائف ہونے کی وجہ سے کھیت سے صارف کی میزتک پہنچنے سے پہلے خراب ہوکر قابل استعمال نہیں رہتی۔
لہٰذااس مسئلہ پر قابو پانے کیلئے چینی ماہرین کے مدد ایک اہم پیش رفت ہوگی جس سے سالانہ اربوں روپے کی بچت ممکن ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بہترین قسم کا پھل پیدا کرتا ہے لیکن بعد از برداشت ہینڈلنگ ‘ سٹوریج اور ٹرانسپورٹیشن کے خاطر خواہ انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے اس کی برآمدمشکلات کا شکار ہے لہٰذاچین کی طرف سے جدید پیکنگ ٹیکنالوجی کی بدولت زرمبادلہ کمانے کے مزید مواقع پیدا ہونگے۔ ڈین کلیہ فوڈ ‘ نیوٹریشن و ہوم سائنسز پروفیسرڈاکٹر مسعود صادق بٹ نے اُمید ظاہر کی کہ دونوں اداروں کے مابین معاہدے سے باہمی تعاون کی مزید راہیں کھلیں گی جس سے ماہرین اور طلبہ و طالبات کی پیشہ وارانہ استعداد کار میں اضافہ ہوگا۔

مزید :

کامرس -