عالمی مندا ، چین امریکہ ، یورب کی اسٹاک مارکیٹیں لپیٹ میں آگئیں

عالمی مندا ، چین امریکہ ، یورب کی اسٹاک مارکیٹیں لپیٹ میں آگئیں

  بیجنگ(آن لائن)عالمی منڈیوں کی مندی نے چین، امریکا اور یورپ کی اسٹاک مارکیٹوں کو لپیٹ میں لے لیا۔ چین میں حصص کی قیمتیں آٹھ سال میں پہلی بار ایک دن کی کم ترین سطح پر آگئی ہیں، امریکی اسٹاک مارکیٹوں میں مسلسل پانچویں روز حصص کی قیمتوں میں کمی رہی۔ شنگھائی کمپوزٹ انڈیکس میں شیئرز کی قیمتوں میں آٹھ اعشاریہ پانچ فیصد کمی دیکھی گئی۔ اور مارکیٹ 3726 پوائنٹس پر بند ہوئی۔ یہ فروری 2007 کیبعد ایک دن میں کم ترین سطح ہے۔ یہ اطلاعات بھی ہیں کہ کارخانوں میں جولائی کے دوران 15ماہ کے مقابلے میں کارکردگی بدترین رہی۔ ماہرین کے مطابق چینی حکومت کی جانب سے اقدامات میں اعتماد کی کمی کی وجہ سے شیئرز کی قیمتیں گریں۔امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق امریکا کا اہم ترین ڈوو جونز انڈسٹریل ایوریج انڈیکس143 پوائنٹس گرکر17423پوائنٹس پر بند ہوا۔ جبکہ نصداق کمپوزٹ انڈیکس میں 0.9 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ چین کی اسٹاک مارکیٹوں میں گراوٹ کے باعث فرانس اور جرمنی سمیت یورپی اسٹاک مارکیٹیں بھی مندی کا شکار رہیں۔ادھرہانگ کانگ کی ’ہینگ سینگ انڈیکس‘ تین اعشاریہ ایک فیصد کی کمی کے بعد بند ہوئی۔ جاپان میں نِکئے 225 میں بھی ایک فیصد کی گرواٹ آئی۔ جبکہ جنوبی کوریا میں کوپسی انڈیکس کا رجحان بھی نیچے کی جانب ہی رہا۔

مزید : کامرس