ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ کی آبادکاری کیلئے وزیراعظم سے بات کرینگے

ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ کی آبادکاری کیلئے وزیراعظم سے بات کرینگے

فیصل آباد (بیورورپورٹ) ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ کی فوری آبادکاری کیلئے گیس اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کیلئے وزیر اعظم نواز شریف سے بات چیت کی جائیگی۔یہ بات فیصل آباد انڈسٹریل ایسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے نئے چیئرمین میاں محمد ادریس نے تشکیل شدہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے فیڈمک کے افسران کو کہا کہ گیس سمیت دیگر سہولتوں کے بارے میں تفصیلی رپورٹ تیار کریں تا کہ اس کی بنیاد پر وزیر اعظم سے بات کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ ایم تھری انڈسٹریل ایسٹیٹ کی آباد کاری کیلئے یہاں تمام تر سہولتیں ترجیحی بنیادوں پر مہیا کی جائیں ۔ میاں محمد ادریس نے پنجاب میں صنعتوں کے فروغ کے سلسلہ میں کی جانے والی وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی کوششوں کو بھی سراہا اور کہا کہ انکی ویژن کے مطابق فیصل آباد میں بین الاقوامی معیار کی صنعتو ں کے قیام کیلئے تمام تر بنیادی ڈھانچہ مہیا کیا جائے گا ۔انہیں(میاں محمد ادریس) فیڈمک کے بورڈ آف ڈائریکٹر کا چیئرمین مقرر کرنے اور ان پر کئے جانے والے اعتماد پر وزیر اعلیٰ کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ وہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کو اعتماد میں لیکر ایسے اقدامات کریں گے جن کے ذریعے ایم تھری انڈسٹریل ایسٹیٹ کو جلد از جلد آباد کیا جاسکے گا۔فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر رضوان اشرف نے کہا کہ اگر ایم تھری انڈسٹریل ایسٹیٹ میں گیس ، بجلی اور سٹیم مہیا کر دی جائے تو شہری علاقوں میں قائم پروسیسنگ یونٹ فوری طور پر یہاں منتقل ہو سکتے ہیں۔

لہذا یہاں ان سہولتوں کی فراہمی کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ اجلاس میں ماحولیات سے متعلق بعض معاملات پر بھی غور ہوا۔ اجلاس میں کریسنٹ گروپ کے شاہد ارشد ، ناظم شہزاد، مزمل سلطان ، میجر (ر)شاہ نواز، محترمہ شرمین عاصم، محترمہ نگہت شاہد کے علاوہ مختلف سرکاری محکموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ اس سے قبل فیڈمک کے چیف آپریٹنگ آفیسر محمد عامرسلیمی نے فیڈمک کے بارے میں بورڈ ااف ڈائریکٹرکو تفصیلی بریفنگ دی۔

مزید : کامرس