کراچی‘ گندم شارٹ فال اور فیومیگیشن کی رپورٹ دینے کیلئے کمیٹی قائم

کراچی‘ گندم شارٹ فال اور فیومیگیشن کی رپورٹ دینے کیلئے کمیٹی قائم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اکنامک رپورٹر) صوبائی وزیر خوراک اور معدنیات و معدنی ترقی منظور حسین وسان نے سرپلس گندم کی کھلی منڈی میں گورنمنٹ پرائس پر فروخت کے لئے اقدامات کرنے کے احکامات دئیے ہیں اور کہا ہے کہ گذشتہ برس کی تمام سرپلس گندم کو پرائس فکس کرکے اوپن مارکیٹ میں فروخت کرکے بروقت فائدہ اٹھایا اور خراب ہونے سے بچایا جائے۔ انہوں نے نئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں گندم زخیرہ کرنے کے لئے اضلاع میں نئے گوداموں کی اسکیم تشکیل دینے کے بھی احکامات دیئے ہیں۔ صوبائی وزیر نے محکمہ خوراک کے تمام گوداموں میں زخیرہ کی گئی گندم میں شارٹ فال کی رپورٹ پیش کرنے اور زخیرہ کی گئی گندم کی مناسب فیومیگیشن، اسٹوریج اور ترپال سے درست طریقے سے ڈھانپ کر رکھی گئی ہے یا نہیں اس بارے میں ایک ہفتہ میں تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کے بھی احکامات دئیے ہیں۔ یہ احکامات انہوں نے اپنے دفتر میں منعقدہ ایک اجلاس میں دئیے۔ اجلاس میں سیکریٹری خوراک سندھ لئیق احمد، ڈائریکٹر خوراک احمد علی قریشی، ایڈیشنل ڈائریکٹر فنانس اینڈ اکاؤنٹس خالد قائم خانی اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
صوبائی وزیر کی ہدایات پر سیکرٹری خوراک نے ڈپٹی ڈائریکٹر خوراک حیدرآباد کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دیدی جو ایک ہفتے میں زخیرہ کی گئی گندم میں شارٹ فال کے بارے میں مفصل رپورٹ دینے کے ساتھ ساتھ، فیومیگیشن اور گندم کو برسات سے بچانے کے لئے اقدامات اور اس ضمن میں بدعنوانی، بدانتظامی، غفلت یا تساہل برتنے والوں کی نشاندہی پر مشتمل رپورٹ صوبائی وزیر کو پیش کرے گی۔

مزید :

کامرس -