پنجاب فوڈ اتھارٹی باہمی مشاورت سے کاروباری پیمانے وضع کرے ، لاہور چیمبر

پنجاب فوڈ اتھارٹی باہمی مشاورت سے کاروباری پیمانے وضع کرے ، لاہور چیمبر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور ( کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پنجاب فوڈ اتھارٹی پر زور دیا ہے کہ وہ فوڈ انڈسٹری کے لیے باہمی مشاورت سے کاروباری پیمانے وضع کرے کیونکہ اس اہم صنعت کو فوڈ اتھارٹی کے چھاپوں کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی ساجد چوہان سے ایک ملاقات میں لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر میاں نعمان کبیر نے کہا کہ اگر باہمی مشاورت سے سٹینڈرڈ آپریٹنگ پراسیجرز وضع کرلیے جائیں تو صورتحال بہت بہتر ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری معاشرے کے بدعنوان عناصر کی سختی سے مذمت کرتا ہے اور ان کے محاسبے کے لیے حکومتی کوششوں کو سراہتا ہے لیکن اس کے ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ بلاوجہ کاروباری معاملات خراب نہ کیے جائیں۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کے لیے گائیڈ لائنز جاری کردی جائیں ، انہوں نے کہا کہ چھاپے مارنے سے قبل چیمبرز آف کامرس اور تجارتی تنظیموں کے ساتھ مشاورت بہت ضروری ہے کیونکہ چھاپوں کی وجہ سے وہ ساکھ پلک جھپکتے ہی ختم ہوجاتی ہے جسے بنانے میں کئی سال لگتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان چھاپوں کی وجہ سے نہ صرف کاروبار بند اور لوگ بے روزگار ہونگے بلکہ حکومت کی ساکھ کو بھی دھچکا لگے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت چھاپے مارنے کے بجائے تاجروں کو معاملات سے آگاہ کیا جائے ۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی ساجد چوہان نے لاہور چیمبر کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ سٹینڈرڈ آپریٹنگ پراسجیرز کے سلسلے میں فوری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

مزید :

کامرس -