مقبوضہ کشمیر میں لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد سیل

مقبوضہ کشمیر میں لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد سیل

سری نگر ،نئی دہلی (کے پی آئی) پنجاب کے شہر گر داس پور میں دہشت گردانہ حملے کے بعد بھارتی حکام نے مقبوضہ کشمیر میں لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد کو سیل کر دیا ہے ، سرحد پر فوجی دستوں کو الرٹ کر دیا گیا ہے ۔ ڈی جی پی کشمیر کے راجندرا نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ کسی قسم کی درندازی کو روکنے کے لیے فورسز کو الرٹ کر دیا گیا ہے انہوں نے بتایا کہ ایل او سی اور آئی بی کو بھی سیل کر دیا گیا ہے ۔

یاد رہے گر داس پور میں پولیس اسٹیشن دینا نگر پر حملے کے بعد تقریبا 12گھنٹے تک جاری رہنے والی خونین معرکہ آرائی میں 11افراد ہلاک ہوئے جن میں ایس پی سمیت 5پولیس اہلکار،3عام شہری اور3 عسکریت پسند شامل ہیں جبکہ 15افراد شدید طور پر زخمی ہوئے ہیں۔حملہ آ روں کے خلاف آپریشن مکمل کرنے کیلئے ریاستی پولیس سے خصوصی خدمات حاصل کی گئیں ۔اس دوران جموں وکشمیر سمیت تمام ریاستوں میں انتہائی ہائی الرٹ جاری کیا گیااور سرحدوں پر چوکسی کو اور زیادہ بڑھا دیا گیا ۔ گر داس پور حملے کے بعد فوج اور خصوصی کمانڈوز کے علاوہ فضائیہ کی خدمات حاصل کی گئیں۔

مزید : عالمی منظر