مرحلہ وار لیکچرز کا مقصد وارڈنز کا عزم بلند کرنا ہے،طیب حفیظ چیمہ
لاہور (وقائع نگا ر خصو صی ) چیف ٹریفک آفیسرلاہور طیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس کے اہلکاروں میں برداشت اور صبر وتحمل پیدا کرنے کیلئے خصوصی لیکچرز کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پولیس عوام دوستی کے رشتے کو مضبوط ،وارڈنز کا عزم بلند کرنے اور عوام کی خدمت کے سلسلے میں بہترین نتائج کے حصول کیلئے ٹریفک پولیس نے دوبئی کے ماہر نفسیات ڈاکٹر طاہر کی خدمات حاصل کر رکھی ہیں جو مرحلہ واروارڈنز کو خصوصی لیکچر دے رہے ہیں۔سی ٹی او نے کہا کہ وارڈنز کیلئے مرحلہ وار لیکچر کا اہتمام کرنے کا مقصد انکے عزم کو بلند کرنا ہے۔ ٹریفک پولیس لائنز میں منعقد ہونیوالے لیکچر میں ڈی ایس پی امتیاز الرحمان ، انسپکٹرز لیگل ندیم،وارڈنز ،لیڈی وارڈنزاور کانسٹیبل شریک ہوئے ۔خصوصی لیکچر کے دوران طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس وارڈنز کی بہتری اور ٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے۔
،ایسے لیکچرٹریفک پولیس اہلکاروں کی تربیت کا حصہ ہیں جن سے انکی کارکردگی بہتر ہوگی۔ڈاکٹر طاہر نے کہا کہ لیکچرکا مقصددوران ڈیوٹی وارڈنز کے ذہن میں پیدا ہونے والے نفسیاتی سوالوں کا جواب اور ماہرین سے براہ راست گفت وشنید کرکے انہیں ذہنی طور پر آسودہ کرنا ہے ۔