الیکشن کمیشن نے سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول موخر کر دیا

الیکشن کمیشن نے سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول موخر کر دیا

اسلام آباد (آئی این پی) الیکشن کمیشن نے سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول موخر کر دیا، نیا شیڈول 17اگست کو جاری کیا جائے گا۔ منگل کو ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب اور سندھ کی صوبائی حکومتوں نے سیلابی صورتحال کے پیش نظر بلدیاتی انتخابات کا شیڈول موخر کرنے کی درخواستیں کی تھیں جس پر دونوں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول موخر کر دیا گیا ہے، اب نیا شیڈول سپریم کورٹ میں آئندہ سماعت کے بعد 17اگست کو جاری کیا جائے گا۔

لاہور(نامہ نگار) صوبائی الیکشن کمشنر کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کی تاریخ بڑھانے کے لئے سپریم کورٹ کومراسلہ لکھا گیاہے جس میں کہا گیا ہے کہ مختلف علاقے سیلاب سے شدید متاثر، ووٹرز بے گھر، انتظامیہ بحالی کے کاموں میں مصروف ہے،20 ستمبر کی تاریخ پر انتخابات ممکن نہیں،درخواست میں تاریخ بڑھانے کی استدعاکی گئی ہے ۔صوبائی الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق صوبائی ا لیکشن کمشنر ظفر اقبال نے سیلاب کے حوالے سے محکمہ بلدیات سے مختلف علاقوں میں سیلاب کے حوالے سے رپورٹ طلب کی تھی جس میں کہا گیا کہ سیلاب کی وجہ سے بڑے پیمانے پر تباہ کاریاں ہوئیں ہیں اور لوگ بے گھر ہو چکے ہیں اور ان کی بحالی اور گھروں میں واپسی میں کتنا وقت لگے گا اس حوالے سے کوئی حتمی تاریخ نہیں بتائی جا سکتی، اس پر صوبائی الیکشن کمشنر نے الیکشن کمیشن پاکستان اور سپریم کورٹ پاکستان کو مراسلے بجھوائے کہ سیلا ب کی وجہ سے پنجاب ہیں بلدیاتی انتخابات ستمبر میں نہیں ہو سکیں گے۔ صوبائی الیکشن کمیشن آفس کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر بلدیاتی انتخابات ستمبر میں کرائے جا رہے تھے ،کیس ابھی زیر سماعت میں ہے ،سپریم کورٹ کے اس حوالے سے حکم اور سیلاب کی صورتحال کا مزید جائزہ لینے کے بعد انتخابات کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

مزید : صفحہ اول