بد امنی پھیلانے والے ’را‘ کے 17 دہشت گردوں کی فہرست تیار ،ایک گرفتار

بد امنی پھیلانے والے ’را‘ کے 17 دہشت گردوں کی فہرست تیار ،ایک گرفتار

کراچی ،رحیم یار خان ( مانیٹرنگ ڈیسک )حساس اداروں اور پولیس کی جانب سے مرتب کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں بد امنی پھیلانے والوں میں 17 افراد نے بھارتی حفیہ ایجنسی ’را‘ سے تربیت لی ہے ۔ نجی ٹی وی چینل کے ذرائع کے مطابق حساس اداروں اور پولیس نے پہلے سے گرفتار افراد کی نشاندہی پر پاکستان میں بد امنی پھیلانے میں ’را‘ کے ایجنٹ ملوث ہونے کے ثبوت حاصل کر لیے ہیں اور ان کے ناموں پر مشتمل فہرست تیار کر لی ہے ۔ اس فہرست کے مطابق ان دہشت گردوں میں سے 11 تاحال پاکستان میں موجود ہیں جبکہ 3 بھارت 2 متحدہ امارات اور ایک امریکہ میں موجود ہے ۔فہرست کے ساتھ تیار کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے تربیت لینے والے بھارت جا کر اپنے نام تبدیل کر لیتے تھے اور تربیت مکمل کرنے کے بعد پاکستان آ کر دہشت گردی کی کاروائیاں کرتے تھے ۔ ایئرپورٹ پولیس نے حساس اداروں کی اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے چولستان کے علاقے سے بھارتی ایجنٹ گرفتار کر لیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق حساس اداروں کی اطلاع پر ایئرپورٹ پولیس نے رحیم یار خان کے علاقے چولستان میں کاروائی کرتے ہوئے بھارتی ایجنٹ کو گرفتار کر لیا ہے ۔ پولیس کی جانب بتایا گیا ہے کہ گرفتار ملزم جمعہ خان بھارتی صوبہ راجھستان کے شہر جیسلمیر کا رہائشی ہے اور وہ و یزا ختم ہونے کے بعد 6 ماہ سے روپوش تھا ۔ پولیس نے بتایا ہے کہ ملزم نے اعترافی بیان میں کہا ہے کہ وہ اور اس کا ایک ساتھی گزشتہ ایک سال سے پاکستان میں مقیم ہیں ۔ پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے ۔

مزید : صفحہ اول