امریکیوں کی واضح اکثریت ایران ڈیل پر اسرائیل کو رعایتیں دینے کی مخالف
واشنگٹن(اظہرزمان،بیوروچیف)امریکی عوام کی واضح اکثریت ایران ڈیل کے بعد اسرائیل کو مطمئن کرنے کے لئے خصوصی رعائتیں دینے کی مخالف ہے۔امریکہ کے معتبر تھنک ٹینک ’’انسٹی ٹیوٹ فار ریسرچ مڈل ایسٹرن پالیسی‘‘ نے اپنے ایک تازہ سروے میں یہ نتیجہ نکالا ہے۔ سروے کے مطابق 67.8فیصد شہریوں نے اسرائیل کو رعائتیں دینے کی پالیسی کو مسترد کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ اسرائیل کے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو ایران کے ساتھ امریکہ سمیت چھ عالمی طاقتوں کے ایٹمی پروگرام پر معاہدے سے پہلے اوربعد میں اس کی شدید مخالفت کرتے رہے ہیں۔ وہ ایران کے ایٹمی پروگرام کو اپنے لئے زبردست خطرہ تصور کرتے ہیں اوربارہا کہہ چکے ہیں کہ اس خطرے کو ٹالنے کے لئے وہ ایران پر حملے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔25اور26جولائی کے دودنوں میں ڈیڑھ ہزار امریکیوں سے اس سلسلے میں چند سوالات پوچھے گئے۔ صرف 4.1فیصد نے اسرائیل کو زیر زمین خندقیں توڑنے والے خصوصی بم دینے اور صرف چار فیصد نے بی 52بمبار طیارے دینے اور 3.4فیصد نے امریکی جیل میں موجود اسرائیلی جاسوس جوناتھن پولارڈ کو رہا کرنے کے حق میں رائے دی۔12.8فیصد نے درج بالا تمام رعائتیں دینے کا مشورہ دیا۔