2 ارب 40 کروڑ کا فراڈ کرنیوالے چھوٹے ڈبل شاہ قیصر ندیم کی درخواست ضمانت خارج

2 ارب 40 کروڑ کا فراڈ کرنیوالے چھوٹے ڈبل شاہ قیصر ندیم کی درخواست ضمانت خارج

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(نامہ نگار خصوصی )سپریم کورٹ نے عوام الناس کے ساتھ 2 ارب 40 کروڑ کا فراڈ کرنے والے چھوٹے ڈبل شاہ قیصر ندیم کی ضمانت کی درخواست خارج کر دی ۔سپریم کورٹ لاہوررجسٹری میں مسٹر جسٹس میاں ثاقب نثار اور مسٹر جسٹس اعجاز احمد چودھری پر مشتمل دو رکنی بنچ نے ملزم قیصر ندیم کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی، ملزم کے خلاف نیب پنجاب نے حافظ آباد میں شہریوں سے زیادہ منافع کا لالچ دے کر 2 ارب 40 کروڑ روپے کا فراڈ کرنے کا مقدمہ درج کیا، ملزم کے خلاف نیب میں 1700 سے زائد شہریوں نے شکایات درج کرائی ہیں جن پر کارروائی کرتے ہوئے نیب نے ملزم کے خلاف ریفرنس دائر کیا اور ٹرائل کورٹ کے حکم کے بعد ملزم جیل میں ہے ،ملزم کے وکیل اسد منظور بٹ نے موقف اختیار کیا کہ نیب نے تفتیش میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں کئے، ملزم کا شہریوں کو لالچ دے کر پیسہ اکٹھے کرنے کے معاملے سے کوئی تعلق نہیں ہے جبکہ ملزم فراڈ کرنے والے کسی بھی شخص کو نہیں جانتا، اس لئے ملزم کی ضمانت منظور کی جائے، جس پر فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ ٹرائل کورٹ اور ہائیکورٹ کا فیصلہ بالکل واضح ہے ، فیصلوں کے مطابق نیب کے پاس ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد بھی موجود ہیں،ٹرائل شروع ہونے اور شہادتیں ریکارڈ کرانے کی سطح پر ملزم کی ضمانت کی درخواست قبول نہیں کی جا سکتی، عدالت نے چھوٹے ڈبل شاہ قیصر ندیم کی ضمانت کی درخواست واپس لینے کی بنیادپر خارج کر دی۔

مزید :

صفحہ آخر -