عدالتی حکم کیخلاف ورزی پر فرائی چکس کا ٹریڈ مارک استعمال کرنیوالے جعلسازکو گرفتار
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر فرائی چکس کا ٹریڈ مارک غیرقانونی طور پر استعمال کرنے والے جعلسازکو گرفتار کروادیا۔تھانہ پرانی انارکلی پولیس ملزم کو گرفتار کر کے لے گئی، عدالت کا ملزم کو آج29جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے،مسٹر جسٹس فرخ عرفان خان نے فرائی چکس کمپنی کے چیف ایگزیکٹو اختر محمود کی توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل اسد منظور بٹ نے موقف اختیار کیا کہ ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں جعلی کمپنی کو فرائی چکس کا نام، ٹریڈ مارک، لوگو اور کلر سکیم استعمال کرنے سے روکتے ہوئے کہا تھا کہ دوسری کمپنی اپنا الگ سے ٹریڈ مارک اور لوگو بنواکر کام کرے ،اس کے باوجود حسنین مہدی نامی شخص پنجاب بھر میں جعلسازی کررہا ہے اور مختلف آؤٹ لیٹس بنوائی جا رہی ہیں، فرائی چکس کا ٹریڈ مارک اور نام استعمال کر کے حسنین مہدی نامی شخص کی ایک دوسری فوڈ کمپنی صارفین کو دھوکہ دے رہی ہے اور اسی نام سے پنجاب بھر میں غیرقانونی طور پر کاروبارکر رہی ہے ، عدالت نے ملزم کو متعدد مرتبہ مہلت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی آؤٹ لیٹس سے فرائی چکس کے بورڈ، لوگو اور ٹریڈ مارک ختم کرے مگر مسلسل عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے، جس پر عدالت نے فوری طور پر اصل حقائق جاننے کیلئے لوکل کمیشن مقرر کیا، لوکل کمیشن نے رپورٹ جمع کراتے ہوئے کہا کہ درخواست گزار نے جن آؤٹ لیٹس کی نشاندہی کی ہے ان پر تاحال عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے، ملزم حسنین مہدی نے کسی بھی آؤٹ لیٹس سے ٹریڈ مارک، لوگو اور کلر سکیم تبدیل نہیں کی ، فاضل جج نے عدالتی حکم عدولی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے قرار دیا کہ عدالتوں کے ساتھ مذاق کرنے اور عدالتی احکامات کو نظرانداز کرنے والوں کو برداشت نہیں کیا جا سکتا ، فاضل جج نے توہین عدالت کرنے والے ملزم حسنین مہدی کو فوری طور پر گرفتار کرنے کا حکم دیا جس پر ہائیکورٹ سکیورٹی نے ملزم کو گرفتار کر کے تھانہ پرانی انار کلی کے حوالے کر دیا، عدالت نے مزید سماعت آج 29جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے ملزم کو دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ملزم پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ بھی آج کیا جائے گا۔
فرائی چکس